News Details

23/05/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا کے عوام سمیت پوری قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے اور موجودہ کورونا صورتحال کے پیش عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے اور اس حادثے کے شہداءکے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی خصوصی دعائیں کی جائیں۔ عید الفطر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے طیارہ گرنے کے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو گہرے غم اور صدمے سے دوچار کیا ہے جس کے پیش نظر ہم سب کو چاہیے کہ ہم اس اندوہناک واقعے کے شہدا کی یاد میں اور غمزدہ خاندانوں کے غم میں شریک ہونے کے لئے عید الفطر انتہائی سادگی سے منائیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا تہوار اسلامی تہذیب اورروایات کی علامت ہے جوہمیں ایثار، ہمدردی، تقوی اور پرہیز گاری کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد مستحق لوگوں کا خیال رکھنے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونے کا درس دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر خود کو دوسروں کو کورونا وبا سے محفوط رکھنے کے لئے عید اپنے گھروں میں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے منائیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اپنے اہل خانہ سے دورملکی سرحدوں کی رکھوالی پر مامور سکیورٹی فورسز اور ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی جانیں بچانے کے لئےفرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے کو بھی عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔