News Details

17/06/2019

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آنے والے صوبائی بجٹ کی تیاری کیلئے صوبائی کابینہ اور حکومتی مشینری نے دن رات محنت کی ہے جس کی بدولت معاشی مشکلات کے باوجود ملکی تاریخ میں خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آنے والے صوبائی بجٹ کی تیاری کیلئے صوبائی کابینہ اور حکومتی مشینری نے دن رات محنت کی ہے جس کی بدولت معاشی مشکلات کے باوجود ملکی تاریخ میں خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے صوبائی بجٹ کا محور عام آدمی کی زندگی کو بہتر اور خوشحال بنانے کے ساتھ ساتھ غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ ان علاقوں کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت آنے والے بجٹ میں ان شعبوں پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے جو دہائیوں سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ بجٹ میں صوبے بشمول قبائلی اضلاع کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت قبائلی اضلاع میں ترقی کا عمل تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے تاکہ ان کو کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لایا جا سکے اور قبائلی عوام کی احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلی نے واضح کیا کے موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر سرمایہ کاروں کو راغب کرنا چاہتی ہے جس کی بدولت نہ صرف معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ ملکی معیشت اور ترقی میں بھی صوبہ اپنا کردار فعال انداز میں ادا کر سکے گا۔ وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے صوبائی بجٹ میں حکومتی اخراجات کو کم سے کم رکھا گیا ہے جبکہ اس رقم کو دیگر ضروری شعبہ جات کے لیے مختص کی گئی ہے جو کہ صوبائی حکومت کی بہتر حکمت عملی اور نیک نیتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔