News Details

08/05/2019

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ تمام صوبائی حلقوں کے لیے ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز جلد جاری کئے جائینگے،

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ تمام صوبائی حلقوں کے لیے ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز جلد جاری کئے جائینگے، جن سے مساجد، سکولوں اور صحت کے بنیادی مراکز کی سولرائزیشن، ٹرانسفارمر ز کی فراہمی اور بجلی کے دیگر مسائل سمیت سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر ومرمت جیسے منصوبوں کی تکمیل جلد ممکن ہو سکے گی۔ وہ وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔ صوبے کے مختلف اضلاع کوہستان، ایبٹ آباد، کوہاٹ،بنوں، لکی مروت، چارسدہ ، مردان وغیرہ سے منتخب اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ صوبائی اسمبلی کے ممبران نے وزیر اعلیٰ کو اپنے اپنے حلقوں کے مسائل سے آ گاہ کیا۔وزیراعلی نے تمام ممبران کے مسائل تفصیل اور غور سے سنے اور مسائل کے حل کی یقین دھانی کرائی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کی تحریک انصاف کی حکومت مساوات پر یقین رکھتی ہے۔ صوبائی حکومت کی یکساں ترقیاتی حکمت عملی کے تحت سیاست سے بالاتر ہوکر پورے صوبے کی ترقی اور فلاح کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کو صوبے کے پسماندہ حلقوں کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بخوبی ادراک ہے، یہی وجہ ہے کہ پسماندہ اضلاع اور حلقوں کی ترقی کو صوبائی حکومت کے مجموعی ترقیاتی پلان میں ترجیح دی گئی ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ سماجی خدمات کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ان شعبوں میں جاری ترقیاتی سکیموں اور اصلاحاتی اقدامات کی تکمیل اولین ترجیح ہے ۔ اسی وجہ سے صوبائی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت زیادہ تر وسائل جاری سکیموں کی تکمیل کیلئے مختص کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کا حتمی ہدف عام آدمی کو سہولت فراہم کرنا ہے، اس کی مشکلات کا ازالہ کرنااور اسے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے۔ محمود خان نے یقین دلایا کہ دستیاب وسائل کا عوامی مفاد میں شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی مراکز اور اداروں میں لوڈشیڈنگ کے مسائل کے حل کیلئے قلیل مدتی منصوبہ بندی کے تحت سولرائزیشن پر کام جاری ہے ، مساجد ، سکولوں اور بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی کے سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ ٹرانسفارمرز کی مرمت اور فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کیلئے وسائل جلد جاری کئے جاینگے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے حلقوں میں سڑکوں اور گلیوں وغیرہ کی تعمیر و مرمت جیسی سکیموں کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا اور اس کیلئے وسائل فراہم کئے جائینگے۔