News Details

15/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سابقہ قبائلی اضلاع کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سابقہ قبائلی اضلاع کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ان کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ، ہم نے قبائلی اضلاع کے لئے حکمرانی کا ایک منفرد اور بہترین نظام دیا ہے۔ ہم انہیں تکالیف اور مشکلات کے بھنور سے نکال کرروشن مستقبل کیطرف لیکر جائیں گے۔ اب قبائلی علاقے ترقی کے قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان قبائل کی بہتر مستقبل کے لئے اپنے مشن پر ثابت قدمی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ہمیں مسلسل ہدایات دے رہے ہیں۔ اب پشتونوں کے ہاتھ میں بندوق کی جگہ قلم ہو ں گے۔ وہ اپنے ترقی، خوشحالی اور منزل کا تعین کرنے کے لئے بااختیار ہیں، ہماری منزل عمران خان کے قیادت میں ہماری دسترس میں ہے کیونکہ عمران خان ہی پشتون قوم کا حقیقی خیر خواہ اور ان کے مسائل اور تکالیف سے آگاہ ہے۔پشتون قوم کی ترقی کے لئے عمران خان کی وژن ہماری مشترکہ مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ضلع باجوڑکے دورے کے دوران منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمود خان نے کہا کہ ہم نے قبائل کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کے لئے ان سے وعدہ کیا اور قبائلی عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے، ہم ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم اب پشتونو ں کے بچوں کے ہاتھ میں بندوق کی جگہ قلم دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان ایک ویژنری اور ہمارا خیر خواہ لیڈر ہے۔ ہم کسی کے دھوکے اور فریب میں نہیں آنے والے، ہمیں سیاسی نوسر بازوں کی سیاسی چالوں کا ادراک ہے، پشتون قوم ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی ضلع باجوڑ میں مختلف ترقیاتی سکیم مکمل کررہی ہے اور یقین دلایا کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں تعلیم کے فروغ کے لئے سکول اور کالجز بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ سمیت تمام ضم شدہ قبائلی اضلاع کے موجودہ تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی فوری طور پر پورا کیا جائے۔ باجوڑ میں نوجوانوں کے لئے سپورٹس گراؤنڈ بنا رہے ہیں اور ان نوجوانو ں کو تمام سپورٹس سہولیات بھی مہیا کئے جائیں گے جبکہ قبائلی ضلع باجوڑ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہدایات پہلے سے دیئے گئے ہیں۔قبائلی ضلع باجوڑ میں جتنے بھی علاقے سیاحت کے لئے موزوں ہو ں گے اس کی نشاندہی کی جائیگی اور یقین دلایا کہ ان علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے بہترین مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں عوام کو سوشل ویلفیئر سروسز بہت جلد مہیا کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے قبائلی ضلع باجوڑ میں یتیموں اور نادار لوگوں کے لئے دارالامان کے قیام کا اعلان کیا ۔ انہوں نے قبائلی ضلع باجوڑ میں معذور افراد کے لئے خصوصی سکول کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں انصاف روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو سستے اور بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان قرضوں سے قبائلی ضلع باجوڑ کے نوجوان اپنے روزگار چلانے کے قابل ہو جائیں گے۔ محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں ووکیشنل سنٹرکا قیام بہت جلد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں صنعت کاری کے فروغ کے لئے پہلے مرحلے میں چھوٹے چھوٹے صنعتی زونزاور اسی طرح یہاں پر گھریلوں صنعت کو فروغ دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں بجلی کے مسائل بہت جلدحل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں مسجدوں، تبلیغی مراکز اور دیگر عوامی مقامات کو جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں تجارت کے فروغ کے لئے برنگ ٹنل کو بہت جلد سوات ایکسپریس وے سے منسلک کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی ضلع باجوڑ کی ترقی اور تجارت کے فروغ کے لئے نواں پاس کو بھی کھولا جائیگاجس سے افغانستان کے ساتھ تجارت میں بڑھوتری ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی ضلع باجوڑ میں بہت جلد 3G اور 4G انٹر نیٹ سروس مہیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبائلی ضلع باجوڑ کے عوام کی 70سالہ محرومیاں دور کرنے کا وقت آگیا ہے۔ قبائلی عوام اب تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ نام نہادپشتونوں کے نام پرسیاست کرنے نکلیں ہیں، ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اب قبائلی اضلاع کے عوام بیدار ہو چکے ہیں۔ان نام نہاد پشتون لیڈروں کے جانسے میں نہیں آنے والے ہیں، پشتونوں کے نام پر بہت سیاست ہو چکی ہے، اب ہم پشتون عوام کو ان نام نہاد کے سہارے نہیں چھوڑے گے۔پشتونوں کے نام پر جن لوگوں کو حکومتیں ملی تھی ان ہی لوگوں نے پشتونوں پر بم برسائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ میرا تعلق بھی سابق پاٹاسوات سے ہے جہاں پر ہمارے لوگ ان نام نہاد پشتون لیڈروں کیوجہ سے برباد ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان نام نہاد پشتون لیڈروں کو عوام نے کئی مواقع دئیے ہیں، جبکہ ان نام نہاد پشتون لیڈروں نے پشتون عوام کے لئے سوائے تباہی و بربادی کے کچھ نہیں کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب بھی ایک نام نہاد پشتون ٹولہ پشتون کے نام پر سیاست کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس ملک کا وزیراعظم پشتون ہے، قوم اسمبلی کا اسپیکر پشتون ہے، وزیردفاع، وزیرمواصلات، وزیرمملکت داخلہ، ڈپٹی اسپیکر اور اسی طرح کئی اہم وزارتیں پشتونوں کے منتخب نمائندوں کے پاس ہے، جو پشتون قوم کے لئے باعث فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کے دروازے قبائلی اضلاع کے عوام اور خصوصی طور پر قبائلی ضلع باجوڑ کے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں، ہم آپکے مسائل اور مطالبات جلد ختم کریں گے۔