News Details

18/01/2019

.وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد کی ملاقات ،وزیراعلیٰ کا ورلڈ ایکسپو دوبئی2020 میں بھرپور انداز میں شرکت اور خیبر پختونخوا کے شعبہ سیاحت ، صحت ، تعلیم اور صنعت میں سرمایہ کاری کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد جلد ابوظہبی بھیجنے کا عندیہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کی طرف سے صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری لانے کیلئے تعاون کی پیشکش کاشکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے پاکستان میں معاشی انقلاب کیلئے تجویز کئے گئے فارمولے کا بھی خیرمقدم کیا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطے کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ آج ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں وزیراعلی سے ملاقات کی اور خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وفد کے اراکین میں ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے ممبر خان زمان سرور، ڈاکٹر نیاز احمد خان، حبیب احمد سیکرٹری کسٹم اسلام آباد، فضل احد باچا بزنس مین ابوظہبی ، زمرد بونیری اور دیگر شامل تھے۔ڈاکٹر نیاز احمد خان نے پاکستان میں معاشی بحران کے خاتمے کیلئے وضع کردہ فارمولے پر بریفنگ دی اور انکشاف کیا کہ اس فارمولے پر عمل درآمد کی صورت میں 30 دن کے اندر معاشی منظر نامہ یکسر تبدیل ہوسکتا ہے۔ تقریباً 50 لاکھ مفت ملازمتیں فراہم کی جاسکتی ہیں اور پورے سال کے بجٹ کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں، ہر چیز کی قیمت آدھی ہوسکتی ہیں، تمام ٹیکس اور ڈیوٹیز ختم کی جاسکتی ہیں، یہ ایک زیرو رسک فارمولہ ہے جس کیلئے حکومت کو پیسہ خرچ نہیں کرنا پریگا اور نہ ہی کسی کا نقصان ہوگا۔ سود فری بینکنگ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر نیاز احمد خان نے فارمولے کے مختلف فیچر ز، اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار ، فارمولے کے تیز رفتار نتائج اور مانیٹری فنڈ کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیراعلیٰ نے معاشی انقلاب کیلئے مجوزہ فارمولے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں اس فارمولے پر عمل درآمد کے سلسلے میں بنیادی فیصلہ وفاقی حکومت کر سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس معیشت دوست پیغام اور فارمولے کو وفاقی سطح پر پیش کرنے میں تعاون کرینگے اور فیڈ بیک لے کر آگاہ بھی کرینگے۔ وفد نے آئندہ سال دوبئی میں ہونے والے ورلڈ ایکسپو سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا اور خیبرپختونخوا کیلئے سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے متوقع مواقع پر روشنی ڈالی۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ ایکسپو میں بھرپور شرکت کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس صوبے میں سیاحت کی بے پناہ استعداد موجود ہے ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کی کوشش کرینگے۔اس کے علاوہ معدنیات خصوصاً تیل و گیس کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں ہم دلچسپی لینے والی کمپنیوں کو انکی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے پر بھی کام کر سکتے ہیں اجلاس میں خیبرپختونخوا کے صحت ، تعلیم، ماربل انڈسٹریز کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کو ترغیب دلانے کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا گیا۔اس کے علاوہ دوبئی، ابوظہبی اور دیگر ریاستوں میں پاکستانی مزدورں اور ڈرائیورز کو تربیتی سہولیات دینے اور انہیں لائسنس کی حصولی میں مدد فراہم کرنے کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا گیا۔ وفد نے انکشاف کیا کہ متحدہ عرب امارات خصوصاً دوبئی اور ابوظہبی کے متعدد سرمایہ کار اور کمپنیاں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں وہاں کی حکومت بھی اس سلسلے میں گہری دلچسپی لینے لگی ہے اس مقصد کیلئے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ رابطے اور وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ مواقع سے استفادہ کرنے اور صوبے میں سیاحت اورسرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں بہت جلد اعلیٰ سطح کا وفد ابوظہبی بھیجنے کا عندیہ دیا اور کہا کہ ہم اپنی تیاری کرکے رابطہ کرینگے انہوں نے اس مقصد کیلئے صوبے کے متعلقہ محکموں کا اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ اس سلسلے میں تیاری کی جاسکے