News Details

20/11/2018

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کاعید میلا د النبیؐ پرپیغام

خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاہے کہ حضور نبی رحمت ﷺکی ولادت با سعادت پر خوشی کا اظہار آپؐ سے تعلق کی پختگی کا مظہر ہے۔حضور نبی کریم ؐاس اُمت پر اﷲ تعالیٰ کا احسان عظیم اور خاتم رسالت و نبوت ہیں۔ آپ کی تعظیم و توقیر ہر مسلمان پر لازم ہے عقیدہ ختم نبوت پر ہی ایمان کی عمارت کھڑی ہوتی ہے ۔آج تک جس نے جب بھی عقیدہ ختم نبوت کو چھیڑنے کی مذموم کوشش کی ذلت و رسوائی اس کا مقدر بنی ۔خاتم النبینؐ کی محبت ایمان کا بنیادی تقا ضا اور آپؐ کا اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کیلئے عملی نمونہ ہے۔عیدمیلادالنبیؐکے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوااورپاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کومبارکباددیتے ہوئے کہاکہ حضور نبی کریم ؐ کی آمد پر پوری دُنیا میں ایک جشن کا سماں ہوتا ہے ہم اس نعمت عظمیٰ پر جس قدر بھی خوشی اور تشکر کا اظہار کریں اس کا حق ادا نہیں کر سکتے ۔آپ ؐ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت ، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔ آپ ؐ کاخطبہ حجتہ الوداع ایسامنشور ہے جو رہتی دنیاتک نہ صرف مسلمانوں بلکہ دنیابھرکے انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ رحمت عالمؐ کی تعلیمات کاکرشمہ تھاجس نے سب کو ایک صف میں کھڑاکرکے آقاوغلام کافرق مٹادیااور بلاامتیازرنگ و نسل فلاح انسانیت کاپابند بنادیاجس کی بدولت اسلام دنیا کے کونے کونے تک پھیل گیا ۔انہوں نے کہاکہ محسن انسانیت کایہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ آپؐ انسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں کامیابی کیلئے اپنی زندگیوں میں امانت ،دیانت ،خیرخواہی اوراسلامی بھائی چارے کوفروغ دینا ہو گاباہمی اتحاداورقومی یکجہتی موجودہ حالات کااولین تقاضاہے۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کیلئے اسوہ حسنہ کی روشنی میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ظلم و ستم کے خاتمے اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے تبدیلی کانعرہ بلندکیاہے صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے تبدیلی کے منشور کے تحت خیبرپختونخوا میں شفاف نظام کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں۔نظام کی شفافیت کی اس جدوجہدعظیم میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کاتعاون ضروری ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہری اُصولوں کو اپناتے ہوئے ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔