News Details

01/11/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ اور انکی فلاح حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ اور انکی فلاح حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پیڈریاٹک ایسوسی ایشن کی طرف سے اجاگر کردہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے مخصوص اجلاس طلب کرنے کا عندیہ دیا ہے وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد کی سربراہی میں پاکستان پیڈ ریا ٹک ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔وفد کے دیگر اراکین میں پروفیسر اشفاق احمد ،پروفیسر عبدالحمید اور پروفیسر امین جان گنڈاپور شامل تھے۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو بچوں کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیااور اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کی خدمات ، ترجیحات اور صوبے میں جاری منصوبوں پر بریفینگ دی ۔ وفد نے حیات آباد میں قائم چلڈر ن انسٹی ٹیو ٹ کو فعال بنانے اور صوبے میں زیر تعمیر بچوں کے دوہسپتالوں کومکمل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کے مسائل اُجاگر کرنے اور اُن کے حل کیلئے ایسوسی ایشن کی گہری دلچسپی کا خیر مقدم کیااور عندیہ دیا کہ وہ بچوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی اجلاس طلب کریں گے جس میں محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے ۔ ایسوسی ایشن کے پیش کردہ مسائل حل کریں گے اور اُس کی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ ہمارے بچوں کا مسئلہ ہے جس پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ بچوں کی فلاح و بہبود ہمارے منشور میں شامل ہے ۔