News Details

14/10/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زیر تعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زیر تعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران عام ٹریفک کی آمدورفت متاثر نہیں ہونی چاہیئے۔ اُنہوں نے کہ پشاور بی آرٹی اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جو ائر پورٹ کے بھی قریب ہے اور پشاور سے نکلنے والی دیگر سڑکوں اور بس اڈوں سے بھی منسلک ہے۔ بی آر ٹی میں پارکنگ پلازوں، ڈیزائن سسٹم، فٹ پاتھ ،سائیکل ٹریک ، کمرشل ایریا سمیت متعدد ایسے فیچرز ہیں جو اس کوملک میں اس نوعیت کے دیگر منصوبوں سے ممتاز کر تے ہیں۔ یہ منصوبہ پشاور شہرکی شکل بدل دے گا۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے میں کسی قسم کی کمی نہ رہنے پائے اور منصوبہ ہر لحاظ سے مکمل ہو نا چاہیئے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جی ٹی روڈ پشاور پر زیر تعمیر بی آر ٹی منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرنے کے دوران کیا۔ ایم این اے حاجی فدا محمد ، مشیر برائے آئی ٹی کامران بنگش ، صوبائی حکومت کے ترجمان و ایم پی اے شوکت یوسفزئی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ بی آر ٹی کی تیز رفتار تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کررہے ہیں۔ وہ پشاور کے لوگوں کیلئے تیز ترین اور جدید سفری سہولیات کے حامل اس عظیم منصوبے کی جلد تکمیل چاہتے ہیں۔ بی آر ٹی دیرپا بنیادوں پر ڈیزائن کیا گیا ہے اس کے لئے حکومت کو سبسڈی نہیں دینا پڑے گی اس منصوبے کے تحت پارکنگ پلازوں اور کمرشل ایریاز سے وسائل پیدا ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے بی آرٹی کو حقیقی معنوں میں تھرڈ جنریشن بی آرٹی سسٹم قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے میں متعدد ایسے فیچرز ہیں جو اس نوعیت کے کسی دوسرے پراجیکٹ میں شامل نہیں ہیں ان منفرد فیچرز میں پارک اینڈ رائیڈاورکمرشل ایریا کے ساتھ سٹیگنگ کی سہولت،ڈپو پر پارک اینڈ رائیڈ کی سہولت ،بی آرٹی کے سات فیڈر روٹس،فیڈر روٹس کیلئے بس شیلٹر،سٹیشن پر اور ٹیکنگ / پاسنگ لینز،بی آرٹی کوریڈور تک ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کی رسائی ،بی آر ٹی کوریڈور کے ساتھ ایکسکلوسیوسائیکل لین،بی آر ٹی کوریڈور کے ساتھ پید ل چلنے کے ٹریک،بی آرٹی کوریڈور کے ساتھ ریسٹ رومز ،بلڈنگ لائن سے بلڈنگ لائن بہتری،پیدل چلنے والوں کی کراسنگ کیلئے واضح سہولیات، کمرشل سہولیات،کمرشل دوکانوں کے ساتھ پیدل چلنے والوں کیلئے پل اور انڈر پاس اور بسوں کیلئے بڑے بس ڈپوشامل ہیں۔یہ ایک سب سے زیادہ بچت کا حامل ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ہے۔