News Details

19/02/2018

پانچ سال عوامی توقعات کے مطابق عوام کی حقیقی خدمت اور اُس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صرف کئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انہوں نے پانچ سال عوامی توقعات کے مطابق عوام کی حقیقی خدمت اور اُس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صرف کئے ہیں۔ ترقیاتی کام صوبہ بھر میں اپنی جگہ جاری ہیں تاہم ہم نے سماجی خدمات کے شعبوں کو ڈیلیوری کے قابل بنانے اور مجموعی طور پرحکمرانی کی بہتری پر خصوصی توجہ دی ہے۔یہی وجہ ہے کہ عوام اور خواص پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔تحریک انصاف میں شمولیتیں اور ہمارے جلسے حقائق پر مبنی ہوتے ہیں۔ ہم دوسرے علاقوں سے عوام کو جلسے کیلئے نہیں بلاتے بلکہ ہمارے جلسوں میں مقامی عوام شریک ہوتے ہیں۔ 2018 کے عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کا صفایا کریں گے اور دوبارہ اقتدار میں آئیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زخئی یونین کونسل کڑوی میں عوامی جلسے اور امان گڑھ میں پیر زادہ سید خادم شاہ اور سید احمد شاہ کے حجر ے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، اسحاق خٹک ، دیگر منتخب عوامی نمائندوں اور علاقہ کے سیاسی و سماجی عمائدین نے بھی جلسے میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف نے 2013 میں نظام کی تبدیلی کیلئے عوام سے ووٹ لیا تھا اور حکومت میں آنے کے بعد گزشتہ پانچ سال صحیح معنوں میں عوام کی خدمت میں صرف کئے ہیں۔ کرپشن زدہ اداروں کی بحالی اور عوام کو انصاف اور حق کی فراہمی ہماری اصلاحات میں سرفہرست رہا ہے۔اس صوبے میں اور بھی بہت سی حکو متیں آئیں مگر کسی حکومت نے بھی عوام کو درپیش مسائل پر توجہ نہیں دی۔اگر ہمارے ترقیاتی کاموں اور شعبہ جاتی اصلاحات و اقدامات کا ماضی سے موازنہ کریں تو حقیقت منکشف ہو جائے گی کہ پی ٹی آئی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو غریب عوام کا درد رکھتی ہے ۔موجودہ صوبائی حکومت کے زیادہ تر وسائل پرانے تباہ حال سٹرکچر کو ٹھیک کرنے میں استعمال ہوئے ہیں کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے تمام شعبوں کو سیاسی مداخلت کے ذریعے اپاہج بنادیا تھا ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت نے غریب آدمی کو مقابلے کی دوڑ میں آگے لانے کیلئے شعبہ تعلیم کی بہتری پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی کیونکہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جو کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہموار کر سکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے صحت، پولیس اور دیگر شعبوں میں صوبائی حکومت کے منفرد اقدامات کا بھی حوالہ دیااور کہاکہ صوبے میں شعبہ تعلیم کی طرح صحت کا شعبہ بھی تباہی کا شکار تھا ۔ہم نے مختصر عرصے میں ہسپتالوں کو ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا ، شفاف طریقے سے ہزاروں بھرتیاں کیں اور اربوں روپے خرچ کرکے ہسپتالوں میں آلات ، ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی ۔غریب خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا۔خیبرپختونخوا پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے بااختیار بنایا ۔ آج تھانے میں غریب عوام کو عزت دی جاتی ہے اور کسی سے نا انصافی یا زیادتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔پرویز خٹک نے حکومت کے اسلامی اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس صوبے میں علماء نے بھی حکومت بنائی مگر اسلام کیلئے کچھ نہ کیا ۔ موجودہ صوبائی حکومت نے جہاں عصر ی تعلیم کی بہتری کیلئے دیر پا اقدامات کئے وہاں دینی تعلیم اور اسلامی اقدار کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے ۔سرکاری سکولوں میں پرائمری کی سطح پر ناظرہ قرآن جبکہ چھٹی سے بارہوویں کلاس تک قرآن بمعہ ترجمہ کی تدریس کو نصاب کا لازمی حصہ بنایا گیا ہے۔اسی طرح غیر شرعی جہیز اور نجی سود کے خلاف قانون سازی ، مساجد کی سولرائزیشن ، مدارس کی مالی معاونت ہمارے اہم اقدامات ہیں۔ اب صوبے کے تقریباً30 ہزار آئمہ جامع مساجد کو سرکاری سطح پر ماہانہ اعزازیہ دینے جارہے ہیں ہم نے دینی اور دنیاوی دونوں شعبوں میں خاطر خواہ اقدامات کئے ۔پانچ سال کے مختصر عرصہ میں صوبائی حکومت جس قدر بھی اقدامات کرسکتی تھی ہم نے کئے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی کے کرپٹ نظام ، سفارش اور اقربا پروری کے کلچر نے صوبے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نہایت مایوس کردیا تھا۔ہم نے قابل اور اہل نوجوانوں کو حق کی فراہمی اور انصاف کی بالادستی کیلئے ہر شعبے میں میرٹ کو فروغ دیا ۔تعلیم، صحت ، پولیس اور دیگر شعبوں میں ہزاروں کی تعداد میں میرٹ پر بھرتیاں کیں تاکہ لائق لوگوں کو آگے آنے کا موقع ملے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے اہل اور قابل لوگوں کیلئے راستے کھول دیئے ہیں اب کوئی سفارش نہیں، کوئی اقربا پروری نہیں ، جومحنت کرے گا آگے آئے گا ۔ چاہے اس کا تعلق کسی بھی پارٹی ، کسی بھی علاقے یا کسی بھی خاندان سے ہو ، ہم حقدار کو حق کی فراہمی پریقین رکھتے ہیں۔ یہی ہمارا منشور ہے جس کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے انہی اقدامات کی بدولت تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ خیبرپختونخوا کی روایت رہی ہے کہ یہاں جس سیاسی جماعت نے بھی حکومت بنائی اُس کی حکومت کے آخری سال میں اُس کے اپنے لوگ پارٹی کو چھوڑ کر دوسری سیاسی پارٹیوں میں جانا شروع کردیتے ہیں مگر تاریخ میں پہلی بار ہم یہ روایت بدلنے جارہے ہیں آج نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کے کونے کونے سے لوگ تحریک انصاف میں شمولیت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں ساری سیاسی جماعتیں ایک ہو کر بھی پی ٹی آئی کامقابلہ نہیں کرپائیں گی ۔ہم تمام سیاسی جماعتوں کا صفایا کریں گے اور دوگنی طاقت کے ساتھ دوبارہ حکومت میں آکر دکھائیں گے۔کوئی خوش فہمی میں نہ رہے ، تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے جس کا مقابلہ یا موازانہ ممکن ہی نہیں۔