News Details

03/02/2018

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے بسوں کی فراہمی بروقت یقینی بنانے اورتمام انتظامات تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے بسوں کی فراہمی بروقت یقینی بنانے اورتمام انتظامات تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے بی آر ٹی کوریڈور کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازوں، بس سٹاپس، تہکال پل، پیر زکوڑی پل، بس سٹیشنز اور کیمروں کی تنصیب سمیت منصوبے کے اختتامی مراحل پر بھی سنجیدہ پیش رفت کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوریڈور کی تکمیل کے ساتھ ہی یہ تمام سہولیات بھی مکمل ہونی چاہئیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، کمشنر پشاور، سٹرٹیٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، متعلقہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں بی آرٹی کیلئے چین سے جدید ترین بسوں کی خریداری اور پراجیکٹ کے تحت دیگر اہم فیچرز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوریڈور پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اسلئے بسوں کی خریداری ، بس سٹاپس، سٹیشن، پارکنگ پلازوں سمیت دیگر سہولیات کی بر وقت تکمیل پر بھی کام تیز کیا جائے کیونکہ ان کے بغیر بی آر ٹی مکمل نہیں ہوگا اس منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کیلئے پوری تندہی اور قوت فیصلہ سے کام کریں اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو ترجیحی بنیادوں پرحل کریں اور تیز رفتاری سے آگے بڑھیں ۔ وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی کی ضرورت کے مطابق پیر زکوڑی پل کی بلاتاخیر تعمیر اور فردوس چوک میں بی آر ٹی کو درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے رنگ روڈ کے چوکوں، یوٹرنز اور اسی طرح چرگانو چوک وغیرہ میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا تاکہ ٹریفک کا نظم و ضبط برقرار رکھا جاسکے ۔