News Details

29/01/2018

ضلع لوئر دیر کے صدر مقام تیمر گرہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے اہم منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کرنے اور اس مقصد کیلئے ضروری لوازمات پورا کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے ضلع لوئر دیر کے صدر مقام تیمر گرہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے اہم منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کرنے اور اس مقصد کیلئے ضروری لوازمات پورا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے منصوبے کیلئے درکار باقی ماندہ فنڈز کے فوری اجراء کی ہدایت بھی کی ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں تیمرگرہ میڈیکل کالج کے حوالے سے پیشرفت اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اﷲ، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ، دیرپائیں سے رکن صوبائی اسمبلی حاجی سعید گل، سیکرٹری خزانہ، اعلیٰ تعلیم، منصوبہ بندی و صحت، وی سی خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اﷲ، تیمر گرہ میڈیکل کالج کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کالج کی تعمیر اور عملے کی بھرتی کے پلان پر فوری عملی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ منصوبہ علاقے کی تعلیمی و طبی ضروریات کے پیش نظر نا گزیر ہے۔ اُنہوں نے کالج کیلئے تدریسی و انتظامی عملے کی بھرتی اور آلات کی خریداری کیلئے دو الگ پی سی ون کی تیاری سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ اس کی وجہ سے کاغذی کاروائی کا ایک طویل عمل دوبارہ شروع ہو جائے گا اسلئے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تمام اُمور برق رفتاری سے انجام دیئے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ ہم اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کی طرف توجہ دیں صوبے میں نئے سکولز ، کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں کیونکہ نئی یونیورسٹیوں کا قیام ہی قوم کی ترقی کا ضامن ہے ۔ موجودہ حکومت کی طرف سے تعلیمی اور طبی ایمرجنسی کا نفاذ اسی مقصد کے پیش نظر کیا گیا ہے اور اﷲ تعالیٰ کے فضل سے اس ضمن میں کافی پیشرفت کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ معیاری تعلیم کی بہتری اور طبی سہولیات میں اضافے کیلئے صوبے کے ہر ضلع میںیونیورسٹی کیمپس اور فعال ہسپتال ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ہی تعلیم اور صحت کے بہتر مواقع میسر آئیں ۔