News Details

02/01/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے بھر میں مساجد کو شمسی توانائی کے نظام سے منسلک کرنے پر کام جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے بھر میں مساجد کو شمسی توانائی کے نظام سے منسلک کرنے پر کام جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے سے طے شدہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے جس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں مساجد کی سولرائزیشن سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری توانائی انجینئر محمد نعیم خان نے وزیراعلیٰ کو اُن کی ہدایات کے تحت مساجد میں شمسی نظام کی تنصیب سے متعلق پیش رفت پر آگاہ کیا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ اس اہم منصوبے کا کنٹریکٹ جنوری کے آخری ہفتے تک دے دیا جائے گاجبکہ مساجد کی سولرائزیشن کا پور ا عمل وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطا بق پوری تیزی کے ساتھ مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔ پرویز خٹک نے ہدایت کی کہ وہ اس اہم منصوبے کی تکمیل اور مختلف مراحل کا ٹائم لائن تحریری شکل میں سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور اُن کے پرنسپل سیکرٹری سید شہاب علی شاہ کے حوالے کریں تاکہ نگرانی کا عمل بھی موثر بنایا جاسکے۔انہوں نے سیکرٹری توانائی کو بھی ہدایت کی کہ مساجد کی سولرائزیشن کے منصوبے پر عمل درآمد کے پورے عمل کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کریں تاکہ کسی بھی مرحلے پر غفلت کا مظاہرہ دیکھنے میں نہ آئے ۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ مساجد کی سولرائزیشن مئی تک ہر صورت میں مکمل ہونی چاہیئے تاکہ آئندہ موسم گرما کے دوران مساجد میں شمسی توانائی کا متبادل نظام یقینی طور پر دستیاب ہو اور لوڈ شیڈنگ کی صورت میں نمازیوں کو تکالیف سے بچایا جا سکے ۔