News Details

22/12/2017

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے تحصیل غاز ی کے مختصر دورے کے دوران ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام کے گھر جا کر اُن کی عیادت کی جو قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے تحصیل غاز ی کے مختصر دورے کے دوران ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام کے گھر جا کر اُن کی عیادت کی جو قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے ۔وزیراعلیٰ کچھ دیر اُن کے پاس رہے اور ان کی خیریت دریافت کی ۔وزیراعلیٰ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے ڈی پی او کو ہدایات جاری کیں۔کمشنر ہزارہ اکبر خان، ڈی پی او ہری پور خالد ہمدانی ،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات اکبر ایوب خان،سابق صوبائی وزراء یوسف ایوب خان اور فیصل زمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا جائے گا۔اس اہم اور نازک معاملے میں ہم فاٹا کے عوام کے ساتھ ہیں اور کسی بھی مرحلے پر اُن کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ سابق نا اہل وزیراعظم کی طرف سے عدلیہ مخالف مہم چلانے کے اعلان سے متعلق ایک سوال پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ جو لوگ عدلیہ کے خلاف نکلیں گے عوام اُن کے خلاف نکلیں گے ۔ اُنہوں نے کہاکہ عدلیہ انصاف کا علمبردار سب سے بڑا آئینی ادارہ ہے جس کے ہر فیصلے اور حکم کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ضروری اور آئینی تقاضا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں چوری اور سینہ زوری نہیں چلے گی عدلیہ کے خلاف مہم چلانے والے منہ کی کھائیں گے ہماری عدلیہ کو آئین تحفظ دے گا۔عوام بھی عدلیہ کے ساتھ ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں صوبائی حکومت کی اصلاحات رنگ لانے لگی ہیں اور ہری پور کا شعبہ تعلیم میں ٹاپ ٹین کی سطح پر آنا اس کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ہسپتالوں، سکولوں اور پولیس سمیت تمام شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پورے نظام کو درست کردیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ہمیں صوبے کا پورا نظام درست کرنے کاواضح لائحہ عمل دیا جس پر ہم پوری تندہی کے ساتھ عمل پیرا ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب صوبے کی ترقی اور سمت کا تعین ہو چکا اور عوام خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے عوام دوست اقدامات کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں جس پر عوام بھی مطمئن اور خوش ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے کے باشعور اورسمجھدار لوگ آئندہ بھی تحریک انصاف اور عمران خان کابھر پور ساتھ دیں گے ۔ <><><><><><><>