News Details

15/05/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے فوری بعد بے سہارا اور یتیم بچوں تعلیم وتربیت کے لئے قائم ادارہ زمونگ کور پہنچ گئے۔

وزیراعلی ادارے میں رہائش پذیر بچوں سے گھل مل گئے اور ان میں عید کے تحفے تحائف تقسیم کئے۔ صوبائی کابینہ ممبران ہشام انعام اللہ، اورکامران بنگش کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی ارباب وسیم اور رابعہ بصری بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ وہ عید ادارے میں رہائش پذیر ان بچوں کے نام کرتے ہیں جو ہماری توجہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں، یہ بے سہارا بچے نہیں بلکہ یہ ریاست اور ہم سب کے بچے ہیں صوبائی حکومت ان بچوں کا بھر پور خیال رکھے گی۔پوری امت مسلمہ اور قوم بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ اس دفعہ عید کی خوشی دوبالا ہوگئی ہے کیونکہ پہلی دفعہ ملک بھر میں ایک ہی دن عید الفطر منایا جارہاہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن عید الفطر منانا سب کی خواہش رہی ہے اور اس دفعہ صوبائی حکومت نے اس کو ممکن بنانے کے لئے بھر پور کوشش کی اور یہ امر خوش آئیند ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے خیبر پختونخوا کی شہادتوں کو قبول کرکے اچھی روایت کی بنیاد ڈالی ہے۔ محمود خان نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔وزیر اعلی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وبا کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر عید سادگی سے منائیں، عید کی تعطیلات اپنے گھروں میں گزاریں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس عید کے موقع پر اپنے اردگرد نادار اور کمزور لوگوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔