News Details

08/05/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز ضلع سوات کا اچانک دورہ کیا۔

وزیر اعلیٰ بغیر کسی سیکیورٹی کانجو پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے تھانے کا رجسٹر اندراج اور روزنامچہ سمیت دیگر ریکارڈ چیک کیا۔وزیر اعلیٰ نے تھانے کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا، حوالاتیوں سے ملے اور ان سے پولیس کے برتاو کے بارے معلومات حاصل کی۔اس موقع پر انہوں نے تھانے میں موجود سائلین سے ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا اور تھانے کے انچارج کو ان سائلین کے مسائل فوری طور پر حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پولیس تھانوں میں آنے والے سائلین اور عوام کے ساتھ اپنا رویہ اچھا رکھے۔تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مکمل طور پر بحال ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کی محافظ ہے اور اس سلسلے میں پولیس کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔درایں اثنائ وزیر اعلی نے سوات میں مختلف عوامی مقامات کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں پر رمضان کے مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومتی احکامات اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت رمضان کے مہینے میں لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت کے ان اقدامات کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہئیے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریوں کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد میں غفلت برتنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔