News Details

24/03/2021

عوام نے اصلاحات کے نفاذ، میرٹ کی بالادستی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیاہے، اداروں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سرکاری محکموں اور اداروں میں اصلاحات کو پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ اور موجودہ حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے اصلاحات کے نفاذ، میرٹ کی بالادستی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیاہے، اداروں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ اداروں کو مستحکم بناکر ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پولیس کے موجودہ نظام میں اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔ صوبائی کابینہ ممبران شہرام ترکئی، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز ، انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل بٹ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو مجوزہ پولیس اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ ممبران شہرام ترکئی، شوکت یوسفزئی اور کامران بنگش پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیاجو مجوزہ اصلاحات کا تمام پہلوو ¿ںسے تفصیلی جائزہ لیکر صوبائی کابینہ کے غور و خوص کے لئے سفارشات تیار کرے گی۔ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، ایڈوکیٹ جنرل اور پولیس کے اعلیٰ حکام سفارشات کی تیاری میں کمیٹی کی معاونت کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں بڑے پیمانے پر پولیس میں اصلاحات متعارف کرائی گئیں جن کے تحت پولیس کو مثالی خود مختاری دی گئی، موجودہ صوبائی حکومت بھی اُنہی اصلاحات کاتسلسل جاری رکھنا چاہتی ہے تاہم پولیس کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ پولیس نظام میں اصلاحات کا مقصد پولیس کو مزید مستحکم بناکر اس کی استعداد کار کو بہتر بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں اور اداروں میں بھی اصلاحات کا تسلسل جاری رکھا جائیگا تاکہ عوامی توقعات اور ضروریات کے عین مطابق ان کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چونکہ پولیس نظام میں اصلاحات پر عملدرآمد پولیس ہی نے کرنا ہے لہٰذا ان اصلاحات کو حتمی شکل دینے سے قبل بحیثیت اہم شراکت دار پولیس کی بھر پور مشاورت کو یقینی بنایا جائے