News Details

15/03/2021

عوام الناس سے اپیل ہے کہ اس وباءکے بڑے پیمانے پر پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور حکومت کی طرف سے جاری کر دہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اس وباءکے بڑے پیمانے پر پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور حکومت کی طرف سے جاری کر دہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے کاروباری حضرات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ کاروباری اور تجارتی مراکز میں کورونا کے متوقع پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں اور اس سلسلے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قراردیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت اس وباءکے بڑے پیمانے پر ممکنہ پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھارہی ہے جن کا مقصد معمولات زندگی کو چلانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے جان و مال کو بھی محفوظ بنانا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرکے ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیںاور اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ بنائیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم اس وباءکی تیسری لہر سے بھی موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں وہاں ایس او پیز اور دیگر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبے میں کورونا وبا کی تازہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔