News Details

09/02/2021

وزیر اعلیٰ محمود خان کا دورہ مردان، متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اربوں روپے مالیت کے نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیر اعلیٰ محمود خان کا دورہ مردان، متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اربوں روپے مالیت کے نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان سیف سٹی پراجیکٹ کے علاوہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں جمنازیم اور ایڈ منسٹریشن بلاک کا افتتاح مردان کی سو فیصد آبادی کے لئے صحت کارڈ پلس اسکیم کا اجرائ اگلے بجٹ میں مردان میں سڑکوں کے مختلف منصوبوں کے لئے دو ارب روپے مختص کرنے کا اعلان باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں مختلف کاموں کے لئے ایک ارب 20 کروڑ جبکہ کیتھ لیب کے قیام کے لئے 50کروڑ روپے کا اعلان بے نظیر بھٹو پیڈز ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کا اعلان ، نو قائم شدہ تحصیل گڑھی کپورکے لئے تحصیل کمپلیکس کی عمارت کی تعمیر کے علاوہ مردان میں دو ڈگری کالجوں کے قیام کا اعلان کاٹلنگ تاجلالہ ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے فیز یبیلیٹی کروانے کا اعلان پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے باری باری ستر سال حکومت کی لیکن کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا، وزیراعلیٰ محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منگل کے روز ضلع مردان کا ایک روزہ دورہ کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے علاوہ ضلع مردان کیلئے اربوں روپے مالیت کے نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی پراجیکٹ کے علاوہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں نو تعمیر شدہ ایڈمنسٹریشن بلاک اور جمنازیم کا افتتاح کیا جبکہ مردان کی سو فیصد آبادی کیلئے صحت کارڈ پلس اسکیم کا باضابطہ اجراءبھی کیا۔ سیف سٹی پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ 13 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس کے تحت ضلعی ہیڈکوارٹر کے 16 مختلف مقامات پر 72 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ با چا خان میڈیکل کمپلیکس میں جمنازیم کے قیام پر 70 ملین روپے جبکہ ایڈمنسٹریشن بلاک کی تعمیر پر 49 ملین روپے لاگت آئی ہے ۔صحت کارڈ پلس اسکیم کے تحت ضلع مردان کے 5 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کومفت علاج معالجے کی سہولیات میسرآئیں گی ۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرا م میں ضلع مردان میں سڑکوں کے مختلف منصوبوں کیلئے 2 ارب روپے کے پیکج کے علاوہ با چا خان میڈیکل کمپلیکس میں مختلف طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے، بے نظیر بھٹو پیڈز ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈیڑھ ارب جبکہ با چا خان میڈیکل کمپلیکس میں کیتھ لیب کے قیام کیلئے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے نو قائم شدہ تحصیل گڑھی کپور کیلئے تحصیل کمپلیکس عمارت کی تعمیر، مردان میں دو ڈگری کالجوں کے قیام اور کاٹلنگ تا جلالہ ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے فزبیلٹی کروانے کا بھی اعلان کیا ۔ عوامی مطالبے پر وزیراعلیٰ نے باب مردان کو حضرت عمر فاروقؓ کے نام سے منسوب کرنے کے علاوہ چوراہوں کے نام دیگر صحابہ کرام کے ناموں سے منسوب کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات اُٹھانے کے احکامات جار ی کئے۔ وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان کے علاوہ اراکین صوبائی کابینہ تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش ، ضیاءاﷲ بنگش اور مردان سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ مردان کے علاقہ گھڑی کپور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ سیاسی مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے اور اس میں شامل جماعتوں نے باری باری ستر سال اس ملک پر حکومت کی لیکن اُنہوںنے ملکی دولت لوٹ کر بیرون ممالک اپنی جائیدادیں بنانے کے علاوہ غریب عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ ان لوگوں کے پاس کوئی ٹھوس ایجنڈا نہیں۔ یہ صرف اپنی کرپشن بچانے کیلئے موجودہ حکومت پر بلاجواز تنقید کر رہے ہیں۔ یہ کبھی استعفوں کی باتیں کرتے ہیں اور کبھی لانگ مارچ کی لیکن یہ کچھ بھی نہیں کر سکتے۔ یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں، عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے اور ان کے جتنے بھی جلسے ہوئے وہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کسی نے اسلام کے نام پر تو کسی نے پختونوں کے نام پر صوبے کے لوگوں کو دھوکہ دیا جس کی وجہ سے صوبے کے باشعور عوام نے پی ٹی آئی پر اعتماد کیا اور اسے دو تہائی اکثر یت دلائی ۔ محمود خان نے مزید کہا کہ گزشتہ حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی تھی اور ملک قرضوں میں ڈوب گیا تھا لیکن موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اُٹھارہی ہے جس کے نتیجے میں بہت جلد حالات بہتر ہو جائیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اس وقت عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو ہر طرح کے بحرانوں سے نکال سکتے ہیں کیونکہ وہ ملک اور قوم کا سوچتے ہیں جبکہ پی ڈی ایم والے صرف انتخابات کا سوچ رہے ہیں کیونکہ وہ صرف اقتدار کے بھوکے ہیں اُنہیں قوم سے کچھ لینا دینا نہیں۔ آنے والے سینٹ الیکشنز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ انتخابات کرانے کے وزیراعظم کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، ہمارے ممبران اسمبلی بکنے والے نہیں ، اپوزیشن کی طرف سے شو آف ہینڈ ز کے ذریعے انتخابات کی مخالفت سے واضح پتہ چل رہا ہے کہ یہ لوگ الیکشن چاہتے ہیں یاسیلکشن۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کو امن کا گہوارہ بنا دیا ہے ۔ اب سابقہ قبائلی علاقوں میں بھی نہ صرف امن قائم ہو گیا ہے بلکہ سیاحتی سرگرمیاں بھی شروع ہوئی ہیں جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جس کا کریڈٹ عمران خان کی قیادت کو جاتا ہے ۔ صوبے میں مواصلات ، صنعت، سیاحت، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں متعدد اہم اور تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے یہ صوبہ صنعتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی تجارت کا مرکز بن جائے گا۔ صحت کارڈ پلس اسکیم کو صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہاکہ یہ منصوبہ فلاحی ریاست کے قیام کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی تکمیل کی طرف ایک اہم اور تاریخی قدم ہے ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے مردان پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں سے اُن کے عہدوں کا حلف لیا اور پریس کلب کیلئے 50 لاکھ روپے گرانٹ ان ایڈ کا بھی اعلان کیا