News Details

01/01/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے اقلیتی حقوق کمیشن کے سربراہ شعیب سڈل کی ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز کرک کے علاقے ٹیری میں مشتعل ہجوم کی طرف سے مسمار کئے گئے مندر کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت منہدم مندر کی جلد تعمیر کو یقینی بنا.ئے گی ، جس کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ سے اقلیتی حقوق کمیشن کے سربراہ شعیب سڈل نے ملاقات کی اور کرک واقعے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراعلیٰ نے اس واقعے کو انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس اور انتظامیہ کو ضروری احکامات جاری کئے جا چکے ہیںا ور واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی ۔ واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمیشن کے چیئرمین شعیب سڈل اور ایم این اے رمیش کمار نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں شعیب سڈل اور رمیش کمار نے کر ک میں مسمار کئے گئے مندر کی جگہ کا بھی دورہ کیا۔