News Details

01/12/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوئی ناردرن گیس پائپ لمٹیڈ کے حکام کو رواں موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت ک

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوئی ناردرن گیس پائپ لمٹیڈ کے حکام کو رواں موسم سرما میں صوبے کے صارفین میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا گیس کا پیداواری صوبہ ہونے کی حیثیت سے یہاں کے صارفین کو گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کا مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیئے۔ وہ منگل کے روز صوبائی دارلحکومت پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں گیس کے کم پریشر اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل پر قابو پانے کے سلسلے میںاقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ممبر ان صوبائی اسمبلی فضل حکیم اور میاں شرافت علی کے علاوہ جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس پائپ لائن ارباب ثاقب اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو ایس این جی پی ایل حکام کی طرف سے صوبے میں گیس کے کم پریشر اور لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے بعض تکنیکی وجوہات کی بناءپر پشاور، ایبٹ آباد، سوات اور دیگر اضلاع میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ سامنے آیا تھا جو اب حل کر لیا گیا ہے ۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ آنے والے دنوں میں صوبے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ درپیش نہیں ہو گا۔ حکام نے بتایا کہ پشاور میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے روزانہ پندرہ سے بیس ایم ایم سی ایف اضافی گیس یہاں کے سسٹم میں شامل کی گئی ہے ۔ اسی طرح ضلع سوات کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے 102 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے سے گیس کی سپلائی دوگنی ہو گئی ہے ۔ علاوہ ازیں صوبے میں گیس کے کم پریشر والے علاقوں کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ایک نئے منصوبے پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایس این جی پی ایل حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں گیس کے نئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ یہاں کے گھریلو صارفین کو گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے درپیش مسائل جلد اور مستقل بنیادوں پر حل ہو سکیں۔