News Details

25/11/2020

خیبرپختونخوامیں موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا اجرا

خیبرپختونخوامیں موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا اجرائ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے آٹھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرزکیلئے موبائل واٹرکوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا باضابطہ افتتاح کیا ہے اور کہا ہے کہ موبائل لیبارٹریز کا اجراءسماجی خدمات کے شعبوں میں عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کا تسلسل اور ایک اہم پیشرفت ہے جس پر محکمہ آبنوشی خیبرپختونخواخراج تحسین کا مستحق ہے ۔ انہوںنے اُمید ظاہر کی کہ موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹریز دوردراز علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹری کا باضابطہ افتتاح کیا۔محکمہ آبنوشی خیبرپختونخوا کے اعلیٰ حکام نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو مذکورہ موبائل لیبارٹریز کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر صوبے کے آٹھ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کیلئے مذکورہ موبائل لیبارٹریز کا اجراءکیا گیا ہے جو محکمہ آبنوشی کا ایک اضافی اقدام ہے کیونکہ ڈویژنز کی سطح پر مستقل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھی پہلے سے فعال ہیں۔ موبائل لیبارٹریز دو دراز کے علاقوں اور ہنگامی ضرورت کے تحت پینے کے پانی کے نمونوں کے معائنے کیلئے استعمال کی جائیں گی اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ حکام نے آگاہ کیا کہ مذکورہ اقدام کو عنقریب ضم شدہ اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے ایک منصوبہ پہلے سے منظور ہو چکا ہے جس کے تحت ضم اضلاع میں تین موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا اجراءکیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پینے کے پانی کے معائنے کیلئے موبائل لیبارٹریز کے اجراءکو صوبائی حکومت کا ایک اور اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سماجی خدمات کے شعبوں میں عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کا کار آمد استعمال یقینی بنارہی ہے ۔ صوبے میں صحت عامہ کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ مذکورہ لیبارٹریز کا اجراءبھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ اُنہوںنے موبائل لیبارٹریز کے اجراءپر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ محکمہ آبنوشی میں خدمات کی فراہمی کے عمل میں بہتری کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔