News Details

14/10/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بہتر طرز حکمرانی ، شفافیت ، میرٹ کی بالادستی ، اداروں کی مضبوطی اور سماجی شعبوں میں بہتر عوامی خدمات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بہتر طرز حکمرانی ، شفافیت ، میرٹ کی بالادستی ، اداروں کی مضبوطی اور سماجی شعبوں میں بہتر عوامی خدمات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، جن کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تمام صوبائی محکموں کو اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بطریق احسن پورا کرنا ہو ں گی ۔ا س سلسلے میں وزراءکو اپنے محکموں کی کارکردگی کو عوامی توقعات کے مطابق مزیدبہتر بنانے کیلئے معمول کی ذمہ داریوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے ثمرات جلد سے جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ وہ صوبائی وزراءسلطان خان، شوکت یوسفزئی ، اکبر ایوب اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اُن کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور اپنے محکموں میں اصلاحاتی اقدامات ، بہتر طرز حکمرانی ، خدمات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیاری خدمات کی فراہمی بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے ہی سے ممکن ہے جس کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت شروع دن سے ہی ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔صوبائی حکومت کے ان اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ہر محکمے کو اپنی سطح پر بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت صوبے کو معاشی لحاظ سے مستحکم بنانے کیلئے کثیر الجہتی اقدامات اُٹھا رہی ہے اوراس مقصد کیلئے صنعت، سیاحت ، زراعت اور توانائی کے شعبوں پر خاص توجہ دی جارہی ہے ۔ پیداواری شعبوں کی تیز تر ترقی اور صوبے کے قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت وسائل کی منصفانہ تقسیم پر نہ صرف یقین رکھتی ہے بلکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات بھی کرر ہی ہے ۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود قدرتی وسائل اور وہاں کی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی حکمت عملی وضع کی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ترترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہوسکیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں صنعت و تجارت ، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں خاطر خواہ استعداد موجود ہے جن کو استعمال میں لاکر صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے اور یہاں کے لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور اُمید ہے کہ حکومت کے ان انقلابی اقدامات کے نتیجے میں بہت جلد صوبے کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔