News Details

04/10/2020

خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ضم شدہ اضلاع میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے پہلے مرحلے میں 25 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے والی 50 گاڑیاں فراہم کر دی ہیں

خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ضم شدہ اضلاع میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے پہلے مرحلے میں 25 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے والی 50 گاڑیاں فراہم کر دی ہیں جو مکمل فعال ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں نئی قائم کی گئی ٹی ایم ایز کو جدید مشینری فراہم کی جائے گی۔ قبائلی اضلاع میں فروٹ منڈی، بس اسٹینڈ کے قیام سمیت دیگر منصوبوں پر خاطر خواہ پیشرفت ہو چکی ہے اور بہت جلد قبائلی اضلاع کے عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہونگے۔ یہ بات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ بلدیات اور دیہی ترقی کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ ایک جلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اکبر ایوب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، عوام کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی تکمیل سے شہریوں کے طرز زندگی میں مثبت تبدیلی رونما ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام حکومتی اقدامات کا حتمی مقصد عوام کو مقامی سطح پر تمام تر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کو صوبے میں مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہروں کی بہتری کے منصوبے کے تحت پشاور کے مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی لائنز کی تبدیلی، شمشتو کے مقام پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا قیام ، کنیزہ میں سیوریج پلانٹ کی تنصیب، باغ ناران اور بسائی پارک کی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔ مذکورہ منصوبہ کے تحت کوہاٹ میں وومن ڈویلپمنٹ سنٹر ، سیوریج پلانٹ کی تنصیب سمیت دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔ جبکہ مردان میں بھی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بھی قائم کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ میونسپل سروسز ڈیلیوری پراجیکٹ کے تحت پشاور میں 97 واٹر ٹیوب ویلز کو بحال کر کے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید 66 ٹیوب ویلز کو اگلے سال جون تک بحال کر دیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پینے کے پانی کے نظام کی بحالی کے لیے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پشاور میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے اور تمام سرکاری اراضی کی از سر نو حد بندی کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔