News Details

20/07/2020

موجودہ حکومت اپنے وعدے کے عین مطابق ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کیلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس حوالے سے نتیجہ خیز اقدامات بھی اُٹھارہی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنے وعدے کے عین مطابق ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کیلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس حوالے سے نتیجہ خیز اقدامات بھی اُٹھارہی ہے ۔ ضم شدہ اضلاع کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے اور وہاں کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ایک مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے ۔ ضم شدہ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے انتخابات کے ایک سال پورے ہونے کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضم شدہ اضلاع کو مکمل طور پر قومی دھارے میں شامل کرنا، وہاں کے عوام کو اُن کے تمام حقوق دینا اور اُنہیں زندگی کی تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنا موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جارہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب قبائلی عوام کے عشروں پر محیط محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گااور یہ علاقے ترقی کے میدان میں صوبے اور ملک کے دیگر ترقی یافتہ حصوں کے برابر آئیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایک سال کے انتہائی قلیل عرصے میں ضم شدہ اضلاع کی صوبے کے ساتھ انضما م کا پیچیدہ مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے جو صرف اور صرف موجودہ حکومت اور پارٹی کی قیاد ت کی مخلصانہ کوششوں اور مصمم ارادے کی بدولت ممکن ہو اہے ۔ محمود خان کا کہنا تھاکہ ضم شدہ اضلاع کی آئینی ، قانونی ، انتظامی اور عدالتی انضمام کے بعد اب وہاں پر تیزرفتار ترقی کا عمل زور و شور سے جاری ہے ۔ قبائلی اضلاع میں پہلی دفعہ صوبائی اسمبلی کے لئے انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت اور قبائلی عوام کیلئے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب صوبائی اسمبلی میں قبائلی اضلاع کے عوام کو بھر پور نمائندگی حاصل ہے جو اُن کی آواز کو بھر پور انداز میں اُٹھانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ موجودہ حکومت اس مقصد کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ۔ اُنہوںنے اس اُمید کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کی بدولت قبائلی اضلاع کے عوام کو بہت جلد انضمام کے ثمرات سے مستفید ہوں گے ۔