News Details

18/05/2020

ضلع سوات کے علاقے سیدو شریف اور مینگورہ میں موسم سرما میں سوئی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے آٹھ انچ کی نئی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ مٹہ کو سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح اس سال ستمبر کے مہینے میں کیا جائیگا

ضلع سوات کے علاقے سیدو شریف اور مینگورہ میں موسم سرما میں سوئی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے آٹھ انچ کی نئی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ مٹہ کو سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح اس سال ستمبر کے مہینے میں کیا جائیگا۔ یہ بات پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر برائے توانائی و بجلی عمر ایوب کی ملاقات کے دوران بتائی گئی۔ ملاقات میں صوبے کے مختلف علاقو ں میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق مختلف امور اور اس حوالے سے عوامی مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن اور پیسکو کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاوہ سوات کے علاقے مینگورہ اور سیدو شریف میں موسم سرما کے دوران گیس کے کم پریشر اور اس کے نتیجے میں لوگوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ سوئی ناردرن گیس کے حکا م کی طرف سے بتایا گیا کہ سوات کے مذکورہ علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے آٹھ انچ کی نئی لائن بچھانے پر کام جاری ہے جسے ان علاقوں میں گیس کی کم پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیگا۔ حکام نے مزید بتایا کہ سوات کے علاقہ مٹہ کو بھی سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے اور اس سال ستمبر کے مہینے میں علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کیا جائیگا۔ حکام نے مزید بتایا کہ اس وقت سوات کے مختلف علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے دو بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کے بیشتر دیہات کو گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے پیسکو حکام کو کبل گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے علاوہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کے دیگر منصوبوں پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے اور اس سلسلے میں ٹھوس پیشرفت کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عمر ایوب نے سوئی ناردرن گیس کے حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے مختلف علاقوں میںگیس کے کم پریشر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایک ٹھوس لائحہ عمل تکمیل دے کر وزیراعلیٰ کو پیش کیا جائے اور اس پر پیش رفت کے بارے انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔