News Details

06/05/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے موجودہ کورونار صورتحال سمیت کسی بھی ایمرجنسی میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے کردار اور خدمات کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر کے لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں اس ادارے کا کردار سب سے نمایاں ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے موجودہ کورونار صورتحال سمیت کسی بھی ایمرجنسی میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے کردار اور خدمات کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر کے لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں اس ادارے کا کردار سب سے نمایاں ہے۔ کورونا کے مریضوں کی بہتر علاج معالجے کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی تمام تر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹر ی کے قیام کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو پی سی آر مشین کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ہے ۔ وہ منگل کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے دی جانے والی بریفینگ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت صوبے کے تمام تدریسی ہسپتالوں کو صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر اس مقصد کیلئے ہم ترقیاتی فنڈ کے استعمال سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور سیکرٹری ہیلتھ امتیاز حسین شاہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ہسپتال کے طبی عملے کی عارضی رہائش کیلئے مناسب جگہ کی فوری فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ضرور ی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے کورونا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کیلئے پورا ایک کمپلیکس مختص کیا گیا ہے ۔ ہسپتال میں کورونا کیسز سے نمٹنے کیلئے 300 سے زائد عملے بشمول ڈاکٹرز ، نرسز ، پیرا میڈکس کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں جو تین مختلف شفٹوں میں 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے 80 بستروں پر مشتمل ہائی ڈیپنڈسی یونٹس، 80 سے زائد مریضوں کیلئے آئسولیشن یونٹ قائم کئے گئے ہیں جبکہ ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے مجموعی طور پر ڈھائی سو کے قریب بستر مختص کئے گئے ہیں ۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال میں 30 وینٹلیٹرز صرف کورونا مریضوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ہسپتال میں اس وقت کورونا کے کل 50 مریض داخل ہیں جن میں سے 15 آئی سی یو اور باقی 35ایچ ٹی یو میں زیر علاج ہیں۔ اسی طرح ہسپتال میں اب تک کورونار ساڑھے پانچ سو کے قریب مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں کورونا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر تسلی کا اظہار کر تے ہوئے کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ معمول کے دیگر مریضوں کو علاج معالجے کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر ہسپتال انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔ کورونا کے مریضوں کی علاج معالجے پر مامور ہسپتال کے فرنٹ لائن طبی عملے بشمول ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈکس کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانوں کو بچانے کی کوشش کرنے والے ان اہلکاروں کے حوصلوں کو میں سلام پیش کرتا ہوں