News Details

23/03/2020

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پوری طرح متحرک صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اجلاس کی صدارت دوران پور میں قائم قرنطینہ مرکز کا معائنہ ڈپٹی کمشنر پشاور کے آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پوری طرح متحرک صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اجلاس کی صدارت دوران پور میں قائم قرنطینہ مرکز کا معائنہ ڈپٹی کمشنر پشاور کے آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انتظامیہ ، پولیس، آرمی ، طبی عملے اور دیگر تمام اداروں کا کردار قابل ستائش ہے، وزیراعلیٰ محمود خان صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور اس سے انسانی جانوں کے متوقع ضیا ع کو کم سے کم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پوری طرح متحرک ہیں اوراس سلسلے میں جملہ اُمور اور انتظامات کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں۔ پیر کے روز وزیراعلیٰ نے انسداد کورونا کیلئے قائم صوبائی ٹاسک فورس کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو محکمہ صحت اور ریلیف کے حکام کی طرف سے صوبے میں کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین صورتحال اور صوبائی حکومت کی طرف اس وباءکے پھیلاﺅ کو کم سے کم کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات اور انتظامات پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔اجلاس میں آئندہ کے متوقع صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ضرورت پڑنے پر سخت سے سخت فیصلے لینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا ۔اجلاس کے شرکاءکو کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے ضروری طبی آلات کی خریداری اور کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے پر مامور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حفاظتی اشیاءکی فراہمی سے متعلق اُمورسے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کورونا مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ ان کے تحفظ کیلئے درکار تمام آلات اور اشیاءکی دستیابی کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اﷲ کے فضل و کرم سے فی الحال حالات کنٹرول میں ہیں لیکن اگر ضرورت پڑی تو حکومت اپنے لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے ہر وہ اقدامات کرے گی جن کے حالات متقاضی ہوں گے اور اس سلسلے میں وسائل کی کمی کو آڑے آنے نہیں دیا جا ئے گا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیربرائے اطلاعات اجمل وزیر ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم خلیق الرحمن، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اوقاف محمد ظہور، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ثناءاﷲ عباسی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے پشاور کے نواحی علاقے دوران پور میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹوٹ کی عمارت میں زائرین کیلئے قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا۔ قرنطینہ مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فی الوقت اس مرکز میں 150 افراد کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے جس میں ضرورت پڑنے پر اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے ۔ مرکز میں ہر فرد کیلئے الگ کمرہ اور واش روم کی سہولیات کے علاوہ دیگر تمام بنیادی سہولیات کا انتظام موجود ہے ۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اس قرنطینہ مرکز میں ڈیوٹی پر مامور تمام عملے نے رضاکارانہ طور پر خود کو بھی مرکز کے احاطے تک محدود کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس مرکز میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے کام کی تعریف کی ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر پشاور کے آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنٹر جدید آن لائن ٹیکنالوجی اور جی آئی ایس میپنگ کی سہولیات سے آراستہ ہے ، جہاں پر ضلعی انتظامیہ ، محکمہ صحت، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کاروائی کیلئے سنٹر میں ریپیڈ ریسپانس کا انتظام بھی موجود ہے اور سنٹر کا تمام صوبائی محکموں اور اداروں کے ساتھ ہمہ وقت قریبی رابطہ رہتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں کئے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسی طرز کی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی قائم کئے جائیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کورونا کے خلاف جنگ میں انتظامیہ ، پولیس ، آرمی اور طبی عملے سمیت دیگر تمام اداروں کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر اسی جذبے اور لگن کے ساتھ ہم نے اپنی کوششیں جاری رکھیں تو انشاءاﷲ تعالیٰ ہم اس جنگ میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک با ر پھر عوام پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ، انتظامیہ کی طرف سے وقتافوقتاً کی جانے والے فیصلوں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود کریںتاکہ اس وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے حکومت کوششیں موثر ثابت ہوں