News Details

16/03/2020

خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جنوبی وزیرستان کے محسود ایریا کے باقی ماندہ متاثرین کو مالی معاوضوں کی ادائیگی کے لئے سروے کے عمل سمیت دیگر پیشگی لوازمات کو جلد پورے کئے جائیں تاکہ ان متاثرین کو حکومت کے وضع کردہ طریقہ کار اوراصول کے مطابق معاوضوں کی ادائیگی کے عمل کو تیز کیاجاسکے

خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جنوبی وزیرستان کے محسود ایریا کے باقی ماندہ متاثرین کو مالی معاوضوں کی ادائیگی کے لئے سروے کے عمل سمیت دیگر پیشگی لوازمات کو جلد پورے کئے جائیں تاکہ ان متاثرین کو حکومت کے وضع کردہ طریقہ کار اوراصول کے مطابق معاوضوں کی ادائیگی کے عمل کو تیز کیاجاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ معاوضوں کی ادائیگی کے لئے کئے جانے والے سروے کے حوالے سے مقامی لوگوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے ان کے ساتھ جرگہ بلا کر بات چیت کی جائے اور معاملے کا ایسا حل نکالا جائے جو متاثرین اور حکومت دونوں کے لئے قابل قبول ہو۔ وہ پیر کے روز اپنے دفتر میں محسود ایریا کے باقی ماندہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزراءاور اس سلسلے میں بنائی گئی کابینہ کمیٹی کے ممبران اکبر ایوب، اجمل وزیر اور اقبال وزیر کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، کمشنر ڈی آئی خان جاوید مروت اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو مذکورہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت اور مزید پیش رفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ تین مہینوں کے دوران جنوبی وزیرستان کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی میں اچھی خاصی پیش رفت ہوئی ہے۔ اور اب تک معاوضوں کی ادائیگی کے کافی سارے کیسز نمٹا دیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ محسود ایریا کے باقی ماندہ کیسز میں سے بعض کیسز کی سکروٹنی مکمل کی گئی ہے یہ کیسز تقریباً کلیئر ہیں جبکہ باقی کیسز کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان کیسز کی چھان بین کے عمل کو تیز کرنے اور جن علاقوں کا سروے نہیں ہوا، ان کے سروے جلد مکمل کرنے کے لئے کمشنر ڈی آئی خان کو اضافی عملہ اور دیگر ضروریات فوری فراہم کئے جائیں