News Details

14/02/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے جاپانی سفیر کونینوری میٹسوڈا نے خیبرپختونخوا ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے جاپانی سفیر کونینوری میٹسوڈا نے خیبرپختونخوا ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُموراور خیبرپختونخوامیںمختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت اور جاپانی حکومت کے مابین باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں جائیکا (JICA)کے تعاون سے سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جائے گا جس سے قبائلی اضلاع میں سفری سہولیات سمیت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اُنہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا میںجائیکا کے تعاون سے 28 ارب روپے کی لاگت سے700 کلومیٹر طویل سڑکوںاور 10 پلوں کی تعمیر ومرمت یقینی بنائی جائے گی جبکہ پلوں سمیت دیہی علاقوں میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بھی مزید بہتر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ روڈ انفراسٹرکچر کی مضبوطی سے صوبے میں سیاحتی اور تجارتی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ پلاننگ کمیشن کی وسطاعت سے صوبے میں سڑکوں کی بحالی و مرمت کا جامع مسودہ جائیکا اور جاپانی سفارتخانے کو پہلے سے ہی بھجوادیا گیا ہے جبکہ جائیکا نے خیبرپختونخوا کے مختلف سیکٹرز میں ترقیاتی سکیموں کیلئے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ طور خم بارڈرپر انفراسٹرکچر کی بہتری اور 24/7 گھنٹے کھولنے سے صوبے میں تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے جبکہ صوبائی حکومت وسطی ایشیاءممالک سے تجارتی سرگرمیاں بڑھا رہی ہے، جس سے صوبے کی معیشت مزید مستحکم ہو گی۔روڈ نیٹ ورکس اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی سے صوبے میں سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گاجبکہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی بہتری سے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی خدمات کی بہتری اور کمیونٹی کی ترقی کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا اجراءکردیا ہے جبکہ صوبائی حکومت سماجی خدمات اور صوبے میں کمیونٹی کی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔صوبائی حکومت کی خصوصی توجہ صوبے میں ملکی اور بین الاقوامی سیاحت کے فروغ پر مرکوز ہے ۔ سیاحت کے فروغ سے صوبے کے محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں میں جائیکا (JICA)کے تعاون پر جاپانی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ صوبے کی ترقی کیلئے جاپانی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ روابط جاری رکھے گی جبکہ باہمی تعاون کو مزید آگے لیکر جائیں گے ۔ اس موقع پر جاپانی سفیر Kuninori Matsudaنے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں کی تائید کی ہے جبکہ صوبے میں سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقداما ت پرخیبرپختونخوا حکومت کو سراہا ہے ۔جاپانی سفیر نے عندیہ دیا ہے کہ عنقریب جائیکا کے صدر کا پاکستان دورہ اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایلمنیٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اکبر ایوب ،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو و دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔