News Details

09/01/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوہ میں نادرا سنٹر کے قیام کیلئے بلڈنگ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوہ میں نادرا سنٹر کے قیام کیلئے بلڈنگ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ تحصیل شوال میں کُبل خیل قوم کے آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ تحصیل شیوہ میں سکولز، بی ایچ اوز اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ اُنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شمالی وزیرستان بشمول تحصیل شیوہ کی محرومیوں کو دور کیا جائے گاجبکہ تمام دیرینہ مسائل قوم کی مشاورت اور توقعات کے مطابق حل کئے جائیں گے ۔ اُنہوںنے عندیہ دیا ہے کہ ٹل میرعلی روڈ پر تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، صوبائی کابینہ میں نئے شامل شدہ صوبائی وزیر برائے ریلیف اینڈ ری ہبلٹیشن اقبال وزیر کی سربراہی میں شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوہ سے آئے ہوئے ایک جرگے سے خطاب کررہے تھے ۔ جرگے کی قیادت تحصیل شیوہ کے روحانی پیشوا فقیر شیوہ کر رہے تھے ۔ جرگے کے رہنما نے اقبال وزیر کو کابینہ میں شامل کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور توقع کی کہ تحریک انصاف کی حکومت تحصیل شیوہ کے تمام دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ممکن اقدامات اُٹھائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبائلی اضلاع خصوصاً شمالی وزیرستان کے72 سالہ محرومیوں کا احساس ہے ، میں خود بھی جنگ زدہ علاقے سے ہوں اور آپ لوگوں کے دُکھ درد سے بخوبی واقف ہوں۔ ترقیاتی کاموں میں عوام اور منتخب نمائندوں کی رائے کو مقدم رکھا جائے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ شمالی وزیرستان خصوصاً تحصیل شیوہ کی خوش قسمتی ہے کہ آپ کا منتخب نمائندہ کابینہ میں شامل ہو چکا ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ جتنے بھی پسماندہ اضلاع ترقی سے محروم رہے ہیں ان کو اُٹھایا جائے ۔ قبائلی اضلاع کے عوام کے تمام دیرینہ مسائل کو حل کریں گے ۔ نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے ۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اور وزیراعظم خود ان پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے خصوصی طور پر کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی ترقی اور وہاں پر عوام کی محرومیوں کے ازالے کیلئے خصوصی اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ عمران خان کا سپاہی ہوں، اُس کے وژن کے مطابق کام کروں گا۔ روحانی پیشوا فقیر شیوہ نے شمالی وزیرستان اور تحصیل شیوہ کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ تحصیل شیوہ کے عوام حکومت کے ساتھ تمام تر تعاون کرے گی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے تحفے کے طور پر روحانی پیشوا فقیر شیوہ کوروایتی رگ بھی پیش کی۔