News Details

26/12/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں مفاد عامہ کے تحت اہم ترین ترقیاتی منصوبوں کو پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے گا اور ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں شفافیت اورمعیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں مفاد عامہ کے تحت اہم ترین ترقیاتی منصوبوں کو پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے گا اور ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں شفافیت اورمعیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت تمام اضلاع کو یکساں ترقی دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ صوبائی دارلخلافہ پشاور کی ترقی اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ صوبے کے عوام کو صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے گی ۔ صوبائی حکومت محکمہ صحت اور تعلیم میں مثبت اصلاحات لار ہی ہے ، جس سے ان شعبہ جات میں مزید بہتری آئے گی ۔ ان خیالات کااظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت اور عوام کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے متعدد محکموں میں آن لائن سروسز مہیا کی جارہی ہیں جس سے عوام کے زیادہ تر مسائل جلد حل ہو سکیں گے ۔ ہماری حکومت روایتی سرکاری اُمور سے ڈیجیٹائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا اور اُن کے مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ صوبے میں پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کیاگیا ہے جس سے عوام کو تھانوں اور کچہریوں کے پیچیدہ مراحل سے چھٹکارا دلانے میں خاطر خواہ کامیابی مل رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا منشور اور ایجنڈا عام آدمی کو انصاف اور بہتر سہولیات فراہم کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ تحریک انصاف ایک عوامی سیاسی جماعت ہے جو اس صوبے میں مسلسل دوسری بارحکومت بنانے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ ہم نے عوام کے اس اعتماد کو مزید مستحکم کرنا ہے اور صوبے کو ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کرنا ہے ۔ اُنہوںنے کہاہے کہ ہم مخالفین کے منفی پروپیگنڈے پر توجہ دینے کی بجائے عوامی خدمت اور صوبے میں ترقیا تی منصوبوں کی تیز تر تکمیل پر توجہ دے رہے ہیں۔ اُنہوںنے اراکین صوبائی اسمبلی کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نہ صرف تمام حلقوں کی تیز تر ترقی کی خواہاں ہے بلکہ اس مقصد کے لئے سنجیدہ اقدامات بھی اُٹھا رہی ہے ۔صوبے کو معاشی لحاظ سے مستحکم کرنے کیلئے متعدد پالیسیاں اور قوانین وضع کئے جاچکے ہیں ۔ صوبے میں کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، تاکہ بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی تاجر برادری کو بھی سہولیات اورتعاون فراہم کیا جا سکے۔ خیبرپختونخوا اب سرمایہ کاری کے لئے موزوں ترین خطہ بنتا جارہا ہے، جو نہ صرف اس صوبے کے عوام بلکہ پاکستان کیلئے خوش آئند ہے۔ صوبائی حکومت سیاحت، معدنیات، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی استعداد سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور مجموعی طور پر معیشت کے استحکام میں بھر پور مدد ملے گی۔