News Details

03/12/2019

وزیراعلیٰ سے لوئردیر کے نمائندہ وفد کی ملاقات وفد کا مسائل کے حل پر وزیراعلیٰ سے اظہارتشکر

وزیراعلیٰ سے لوئردیر کے نمائندہ وفد کی ملاقات وفد کا مسائل کے حل پر وزیراعلیٰ سے اظہارتشکر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے اراکین صوبائی اسمبلی شفیع اللہ اور ہمایون خان کی سربراہی میں لوئردیر کے کثیر رکنی نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں عوامی مسائل کے ازالے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر وفد کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے چکدرہ سے چترال روڈ کے لئے لون فنڈ کی اصولی منظوری دیدی ہے جو چکدرہ ، دیر اور چترال کے عوام کے لئے خوش آئند ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ تیمر گرہ بازار کی خوبصورتی کے پلان پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائیگا ، اور تالاش بائی پاس کو رورل روڈز پروگرام کے تحت تعمیر کیا جائیگا ۔ انہوں نے بالم بٹ میں سپورٹس گراو ¿نڈ اور فیملی پارک کی تعمیر کی تجویز سے اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی اور کہا کہ اگر زمین فراہم کی گئی تو ان منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنیادی مسئلہ زمین کا ہے ، اگر علاقے کے عوام زمین کی فراہمی یقینی بنائے تو صوبائی حکومت انڈسٹریل سٹیٹ اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے بھی اقدامات کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پالم واٹرسپلائی سکیم بھی منظوری اور عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی ہے ، جس سے پانی کا مسئلہ حل ہو جائیگا۔وفد نے مسائل کے حل کے لئے خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی عام آدمی فلاح کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔