News Details

01/12/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع سوات سے پیرامیڈکس کے نمائندہ وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ صحت سماجی خدمت کا اہم ترین شعبہ ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع سوات سے پیرامیڈکس کے نمائندہ وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ صحت سماجی خدمت کا اہم ترین شعبہ ہے ۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جس سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وسائل خرچ کئے ہیں اس کی ماضی کی حکومتوں میں مثال نہیں ملتی ۔ شعبہ صحت سے وابستہ ملازمین کو پہلے بھی خاطر خواہ مراعات دی گئی ہیںاور آئندہ بھی ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے دستیاب وسائل کے مطابق ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت کے تمام اقدامات کا اولین اور حتمی مقصد شعبہ صحت میں غریب عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ہے جس کیلئے اُمید ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داریاںقومی اور عوامی خدمت کے جذبے سے پوری کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں سوات سے پیرامیڈکس کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت کلیم بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد نے صوبائی حکومت کی طرف سے صوبے میںشعبہ صحت کی بہتری کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات خصوصاً پیرامیڈکس کو دی گئی مراعات کو سراہا ۔وفد نے پیرامیڈکس کی پروموشن / اپ گریڈیشن کے دیرینہ مسئلہ کے حوالے سے مجوزہ سمری کی جلد منظوری کی استدعا کرتے ہوئے پیرامیڈکس کو درپیش دیگر مسائل اور مطالبات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیرا میڈکس کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ غور و خوض کی یقین دہانی کرائی اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ پیرامیڈکس کی مشاورت سے مسائل کا قابل عمل حل نکالا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحت کا شعبہ شروع دن سے صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ یہ شعبہ براہ راست غریب عوام سے منسلک ہے ۔ صوبائی حکومت نے نہ صرف سرکاری ہسپتالوں کا معیار بلند کرنے کیلئے خطیر وسائل خرچ کئے ہیں بلکہ اس شعبے سے وابستہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ محمود خان نے کہاکہ اس شعبے سے منسلک لوگوں کو عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرنا چاہیئے ، حکومت نے پہلے بھی ان کے مسائل حل کئے ہیں اور آئندہ بھی دستیاب وسائل کے مطابق تعاون یقینی بنائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت کو شعبہ صحت میں عوامی ضروریات اور مسائل کا بخوبی ادراک ہے ۔ ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جارہی ہے ۔ حکومتی اقدامات سے نہ صرف حاضر سروس ملازمین کی مراعات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ہزاروں کی تعداد میں نئی بھرتیاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی خدمات کے ادارے اور ان سے وابستہ لوگ اپنے پیشہ وارانہ فرائض بطریق احسن ادا کریں تاکہ عوامی توقعات کے مطابق سہولیات کی فراہمی کا ہدف پورا ہو سکے ۔ پیرا میڈکس کی شعبہ صحت میں ضرورت اور اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ، یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے