News Details

05/11/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جغرافیائی لحاظ سے صوبہ خیبرپختونخوا اور سلک روٹ تاریخی اعتبار سے تجارتی مرکز رہا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جغرافیائی لحاظ سے صوبہ خیبرپختونخوا اور سلک روٹ تاریخی اعتبار سے تجارتی مرکز رہا ہے ۔صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کیلئے علاقائی مرکز بنانے جارہی ہے اور اس کے لئے عملی اقدامات بھی اُٹھا رہی ہے ۔صوبائی حکومت سی پیک کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل اور سیاحتی مقامات کے فروغ اور سرمایہ کاری کیلئے تمام ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سوکی کناری ہائیڈل پاور پراجیکٹ ، رشکئی سپیشل اکنامک زون، حویلیاں تا تھاکوٹ ہائی وے ، سوات ایکسپروے فیز II ، پشاور ٹو ڈی آئی خان ایکسپریس وے اور حویلیاں ڈرائی پورٹ جو کہ ایم ایل ون پراجیکٹ کا حصہ ہے کی تکمیل سے پورے خطے میں صنعت اور تجارت کو خاطر خواہ فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں منعقدہ نوویں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور جوائنٹ کو آپریشن اجلاس کے دوران کیا ہے۔ اجلاس میں چین کے سفیر Yao Jong ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور ریفارمز خسرو بختیار،بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، صوبائی وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمورسلیم جھگڑا، وائس چیئرمین این ڈی آر سی Mr. Ning Ji Zhe اور دیگر حکام نے شرکت کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سوشو اکنامک منصوبوں میں تعاون فراہم کرنے پراُن کی حکومت چین کی انتہائی مشکور ہے ۔اُنہوںنے چین کی حکومت کی خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ تعاون کو سراہا ہے اور خاص طور پر ہیلتھ کیئر ، ووکیشنل ٹریننگ، زراعت کے شعبے اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں خصوصی تعاون پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے جس سے نہ صرف ہیلتھ کیئر کے شعبے کو فروغ ملا ہے بلکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں غربت کے خاتمے میں خاطر خواہ کمی ممکن ہو ئی ہے ۔ محمود خان نے مزید کہا کہ چین کی حکومت نے کیسپٹی بلڈنگ ، شعبہ زراعت ، مائنز اینڈ منرلز اور سیاحت میں بھی خیبرپختونخوا حکومت کو تعاون فراہم کیا ہے جو کہ بی آر آئی وژن کی عکاسی کرتا ہے ۔ اس تعاون سے خیبرپختونخوا میں صنعت کے شعبے کو مستقبل میں بہت اہمیت حاصل ہو گی اور سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز کو صوبے میں فروغ بھی ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اگلے سال بیجنگ چائنا میں روڈ شو منعقد کر رہی ہے جس سے نہ صرف صوبے میں سرمایہ کاری ممکن ہو سکے گی بلکہ سیاحت کے شعبے کو مزید پذیرائی ملے گی ۔