News Details

25/10/2019

وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سوات کے تحت سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کے حامل طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب

وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سوات کے تحت سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کے حامل طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب وزیراعلیٰ کی طرف سے کمسن قاری محمد حسن کو عالمی مقابلہ حسن قرا¿ت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ایک لاکھ روپے کا انعام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم کا معیا ربلند کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ہماری اصلاحات کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ سرکاری سکولوں کو اٹھا کر نجی تعلیمی شعبے کے مقابلے میں لانے کیلئے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، شعبہ تعلیم میں تمام تر اصلاحات اور اقدامات کو ضم شدہ قبائلی اضلاع تک توسیع دی گئی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سوات کے تحت سالانہ امتحانات 2019 میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کے درمیان انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر محب اللہ خان ، ایم پی اے میاں شرافت ، چیئر مین ثانوی و اعلیٰ ثانویتعلیمی بورڈ سوات ، متعلقہ سکولوں کے پرنسپل صاحبان ، اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں سالانہ امتحانات 2019 ءکے دوران مختلف گروپس میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں سے ہر ایک کو گولڈ میڈل ، میرٹ سرٹیفکیٹ اور 70 ہزار روپے بطور نقد انعام دئیے گئے۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو سلور میڈل ، میرٹ سرٹیفکیٹ اور 60 ہزاور روپے فی کس نقد انعام جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو برونز میڈل ، میرٹ سرٹیفکیٹ اور 50 ہزار روپے فی کس انعامات سے نوازا گیا ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ سرکاری سکولوں نے سالانہ امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر متعلقہ حکام اور اساتذہ کرام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت شروع دن سے آئین کے مطابق " تعلیم سب کے لئے مفت" کے مقصد کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم میں گراں قدر اصلاحات کی ہیں، سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر 42 ہزار اساتذہ بھرتی کئے گئے۔موجودہ حکومت مزید 17 ہزاور اساتذہ بھرتی کر رہی ہے اور یہ سلسلہ 30 ہزار تک لے جانے کا پروگرام ہے تاکہ صوبے کے تمام اضلاع کے ہر سکول میں اساتذہ کی سو فیصد دستیابی یقینی ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بہترین کارکردگی کے حامل طلبا و طالبات کو خصوصی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی محنت کرینگے اور اپنے علاقے اور صوبے کا نام روشن کرینگے ۔ وزیراعلیٰ نے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سوات کو درپیش مسائل حل کرنے کا یقین دلایا اور رولز کے مطابق بورڈ کے ملازمین کیلئے اعزازیہ کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر سوات سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ قاری محمد حسن ولد فضل معبود کو گذشتہ سال سعودی عرب میں عالمی مقابلہ حسن قرا¿ت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اپنی طرف سے ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔