News Details

23/10/2019

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کاورسک پمپ ہاوُس جمرودضلع خیبرکا دورہ

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کاورسک پمپ ہاوُس جمرودضلع خیبرکا دورہ متعلقہ حکام کو ورسک ریماڈلنگ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے،جلد تکمیل کی ہدایت گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ورسک پمپ ہاو¿س جمرودضلع خیبرکا دورہ کیا جہاں انہوں نے ورسک کینال ریماڈلنگ منصوبے کا معائنہ کیا اور کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی نے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہری نظام کو فعال بنانے خصوصا اوچ نہر کو پانی کی فراہمی کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔منصوبے کی تکمیل سے اوچ نہر کو پانی کی ترسیل کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا جس سے پشاور کے مضافاتی علاقے کوہ دامان میں ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی ، منصوبے سے ورسک کینال کے مجموعی سسٹم کا معیار بھی بلند ہوگا ۔ صوبائی حکومت منصوبے کیلئے مختص وسائل بروقت فراہم کریگی تاکہ آبپاشی کے اس اہم منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جاسکے۔تفصیلات کے مطابق گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے ورسک پمپ ہاﺅس جمرود کا مشترکہ معائنہ کیا ۔ رہنماﺅں کو اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے ورسک کینال سسٹم کی ری ماڈلنگ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔انہیں بتایا گیا کہ پشاور اور نوشہرہ کے اضلاع میں ورسک کینالنز سسٹم کی ری ماڈلنگ کی جارہی ہے ۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 11137.58 ملین روپے ہے۔ ٹنل کی تعمیر پر 2758.82 ملین روپے جبکہ موجودہ پمپ ہاﺅس کی اپگریڈیشن پر 1486.02 روپے خرچ ہونگے، جس کی تکمیل سے پانی کا اخراج 290 کیوسک تک بڑھ جائے گا ۔ 99 کلومیٹر طویل ورسک گریویٹی کینال کا تخمینہ لاگت 4368.36 ملین روپے جبکہ ورسک لفٹ کینال کی لاگت کا تخمینہ 1018.67 ملین روپے ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک اس منصوبے پر 4671.48 ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں، 45 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ، آئندہ مارچ تک پمپس / موٹرز کی تنصیب کے بعد پانی کی ترسیل شروع ہوجائیگی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ گرڈ سٹیشن کی اپگریڈیشن بھی کی جارہی ہے جس پر 250 ملین روپے لاگت آئیگی۔اس مقصد کیلئے واپڈا کو 247 ملین روپے ادا کر دیے گئے ہیں۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے ورسک کینال ری ماڈلنگ منصوبے کی ضرورت و افادیت سے اتفاق کیا اور منصوبے کی تیزرفتار تکمیل پر زور دیا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف کوہ دامان اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا بلکہ پشاور میں نہری نظام کو تقویت دینے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور میں ورسک کینال سسٹم کو بہتر بنانا اور نہری نظام کو صحیح معنوں میں فعال کرنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ حکومت نے اس مقصد کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں اور منصوبے کی معیاری تکمیل کیلئے مختص وسائل کی فراہمی آئندہ بھی یقینی بنائے گی۔سیکرٹری محکمہ آبپاشی داﺅد خان ، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔