News Details

17/08/2019

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے بھر میں صنعتی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے بھر میں صنعتی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔جبکہ حطار اکنامک زون ، رشکئی اکنامک زون ، بونیر اکنامک زون، ڈی آئی خان ، سوات اور مہمند ماربل سٹی کو جلد از جلد فعال بنانے کی بھی احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان انقلابی اقدامات سے صوبے کے صنعتی شعبے کے میدان میں ایک انقلاب رونما ہوگا جبکہ صوبے کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ان خیالات کا ا ظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں صنعت کے فروغ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورغر، چیف سیکرٹری سلیم خان ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ودیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے بھر میں صنعتی ترقی کے حوالے سے اب تک کی گئی اقدامات اور کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صنعتی انقلاب سے صوبے بھر کے عوام کو بہتر روزگار کے مواقعے میسر ہونگے جبکہ صوبے کی معیشت کو استحکام دینے اور خود کفیل بنانے کیلئے محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں صنعت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے روڈز اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی ممکن بنائی گئی ہے جس سے صوبے میں موجود صنعتی زونز تک سرمایہ کاروں کی رسائی ممکن ہو گی۔سوات موٹروے کی تکمیل سے سوات بمعہ شما لی علاقہ جات میں صنعت کے فروغ میں خاطرخواہ مدد ملے گی جبکہ اس سے مقامی صنعتوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ ملنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ پشاور تا ڈی آئی خان موٹر وے کی تعمیر سے قبائلی علاقہ جات کو بھی مرکزی شاہراہوں سے منسلک کیا جا سکے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں اکنامک زونز کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں مدعو کیا جاسکے۔