News Details

08/08/2019

خیبر پختونخوا حکومت کا فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے" ائیر کوالٹی مانیٹرز " خریدنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت کا فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے" ائیر کوالٹی مانیٹرز " خریدنے کا فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی عوام کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرنے والے دو بڑے مسائل ہیں، فضائی آلودگی کیوجہ سے صحت عامہ کی پیچیدگیاں ایڈز اور ملیریا سے بھی زیادہ خطرناک اور لوگوں کی ہلاکت کا باعث ہیں ، اسلئے فضائی آلودگی کی کمی کیلئے مثبت اور مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ گو کہ صوبائی حکومت بڑھتی ہوئی ماحولیاتی اور فضائی آلودگی کے خطرات کم کرنے کیلئے بلین ٹری سونامی اور خیبرپختونخوا گرین گروتھ اقدام جیسے اہم منصوبوں پر پہلے سے کام کرچکی ہے، تاہم اب بھی اس سلسلے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے صوبائی حکومت نے ائیر کوالٹی مانیٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جو پشاور اور فضائی آلودگی سے متاثرہ صوبے کے دیگر اضلاع میں نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس امر کا انکشاف پاکستان کے معروف ماہر ماحولیات اور قانون دان احمدرافع عالم سے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں فضائی آلودگی پر تبادلہ خیال کے دوران کیا۔ محمود خان نے کہا کہ مختلف نوعیت کے چیلنجز کے باوجود فضائی آلودگی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، وہ اور ان کی کابینہ اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کی ضرورت سے بخوبی آگاہ ہیں اور ماہرین کی معاونت سے فضائی آلودگی کم کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ ماہرماحولیات احمد رافع عالم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے اپنی مہارت اور بھرپور تعاون پیش کرنے کا یقین دلایا ۔احمد رافع عالم نے کہا کہ ملک میں اس وقت بہت سے ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے مگر بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو قابو کرنا بلا شبہ ایک مشکل ترین ہدف ہے ۔فضائی آلودگی تیزی سے بڑھتی جارہی ہے جس کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔آلودگی کے منفی اثرات نے قلبی اور دیگر مسائل میں تیزی سے اضافہ کیا ہے ،جس میں امراض قلب ، فالج اور اس طرح کے دیگر خطرناک امراض شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ائیر کوالٹی مانیٹر کی تنصیب سے زیادہ فضائی آلودگی کے حامل اور کم آلودگی والے علاقوں میں تمیز کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم معلوم کر سکیں گے کہ کونسے علاقے میں فضائی صورت حال مطلوبہ معیار سے گر چکی ہے ۔ ان مانیٹرز کی وجہ سے آلودگی کو کم کرنے ، فضاءکو صاف بنانے ، صحت دوست شہری ترقی اور رہنے کیلئے صاف ماحول فراہم کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احمد رافع عالم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وزیرخزانہ کی خصوصی درخواست پر پشاور کا دورہ کیا ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے اداروں کی کاوشیں اپنی جگہ جاری ہیں تاہم صوبائی حکومت بھی فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے اور اس سلسلے میں عوام میں بھی شعور پیدا کرینگے۔خیبرپختونخوا فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہم فضاءکو چھوڑ سکتے ہیں اور نہ ہی سانس لینے کیلئے ہوا خرید سکتے ہیں ۔ ہم نے اسی ماحول میں رہنا ہے اور اسی فضاءمیں سانس لینا ہے ، اس لئے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو روکنے کیلئے بلا تاخیر اقدامات ناگزیر ہیں۔