News Details

21/05/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پاکستان میں سیاحت کامرکز بننے جا رہا ہے ،

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پاکستان میں سیاحت کامرکز بننے جا رہا ہے ، صوبے کے سیاحت کے شعبے سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے تمام تر کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سیاحت پر قائم ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے اور اُنہیں ہر سطح پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مناسب اقدامات کریں ۔ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان ، وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی ، وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی ، وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ، چیف سیکرٹری محمد سلیم خان، پرنسپل سیکرٹری برئے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ مقامی ٹی ایم ایز اور متعلقہ حکام کے تعاون سے گلیات ، ناران ، کالام اور چترال کی سیاحتی وادیوں میں کوڑا کرکٹ کی تلفی اور صفائی کا مناسب انتظام یقینی بنائے گی تاکہ ماحول کو صاف اور سرسبر و شاداب رکھا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، سوات اور چترال کے سیاحتی مقامات پر آنے والے سیزن کے دوران بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ڈاکٹرز اور ادویات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ موبائل ہیلتھ سہولیات بھی یقینی بنائے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ پچھلے موسم گرما کے مقابلے میں رواں سیزن کے دوران سیا حوں کو مزید بہتر سہولیات دی جائیں گی ۔ متعلقہ محکمے اس سلسلے میں تیز رفتاری سے اقدامات کر رہے ہیں۔ رواں سال محکمہ سیاحت زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے کوشاں ہے اور عید الفطر سے شروع ہونے والے سیزن کے دوران سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔ وزیراعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ سیاحوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے محکمہ پولیس ٹورسٹ پولیس کی تعیناتی یقینی بنائے گا، ٹریفک کے مسائل سے بچنے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پلان دیا جائے گا۔ پولیس نہ صرف سکیورٹی کی فراہمی میں مدد کرے گی بلکہ سیاحوں کو سیاحتی مقامات تک پہنچنے اور دیگر اُمور کے حوالے سے بھی سہولت فراہم کرے گی۔اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ سیاحتی مقامات پر ریسکیو 1122 کی دستیابی عید الفطر سے شروع کی جائے گی جس سے کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت امداد ممکن ہو سکے ۔ خصوصی طور پر گلیات ، ناران ، کالام اور چترال کی سیاحتی وادیوں میں ریسکیو1122 کی سروس یقینی بنائی جائے گی۔ اس اقدام سے سیاحوں کو تحفظ کا احساس بھی ہو گااور وہ پرامن ماحول میں صوبے کے سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں گے ۔وزیراعلیٰ نے پختونخوا ہائی وے اتھارٹی ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ایبٹ آباد ، مانسہرہ، سوات اور چترال کے اہم سیاحتی مقامات / علاقوں کی طرف سیاحوں کی رہنمائی کیلئے سائن بورڈز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اُنہوںنے سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کی سہولت کیلئے سروس ایریاز کے قیام کیلئے تیز تر اقدامات کی بھی ہدایت کی ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنیادی مقصد سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اُنہوںنے گلیات میں اشیائے خوردونوش کے معیار کی نگرانی یقینی بنانے کیلئے خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کو درکار دفتر کی فراہمی کی ہدایت کی ۔