News Details

21/05/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان نیشنل گیمز کے چیئرمین جنرل ریٹائر ڈ عارف حسین نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان نیشنل گیمز کے چیئرمین جنرل ریٹائر ڈ عارف حسین نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں پاکستان نیشنل گیمز کے انعقاد پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں نیشنل گیمزکا انعقاد اکتوبر 2019 کے اواخر میںکیا جائے گا، جس میں 22 سے 28 مختلف قسم کی گیمزہوں گی اور تقریباً8 سے10 ہزار کھلاڑی شرکت کریں گے ۔اس موقع پر پاکستان نیشنل گیمز میں افغانستان کو بھی شرکت کی دعوت دینے پر غور کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ افغانستان کو نیشنل گیمز میں شرکت کی دعوت سے پاکستان کے عالمی سطح پرامن کے پیغام خصوصا پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ رویے کے بیانیہ کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل گیمز کے انعقاد کے سلسلے میں بھر پور تعاون یقینی بنائیں اور جن علاقوں میں گیمز کا انعقاد کیا جائے گا وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ صوبے میں نیشنل گیمز کا انعقاد نوجوانوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے ایک بہترین موقع ہے ، ان گیمز کے انعقادسے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا اور دسمبر میں منعقدہونے والے ساﺅتھ ایشین فیڈریشن میں شرکت کا راستہ ہموار ہو گا۔سنیئر صوبائی وزیر برائے کھیل محمد عاطف خان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، ڈی جی ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔