News Details

24/04/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنوبی وزیرستان سمیت تمام ضم شدہ اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنوبی وزیرستان سمیت تمام ضم شدہ اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ مطمئن رہیں ، پختونوں کے نام کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرنے والوں کے پروپیگنڈے پر دہان نہ دھریں۔ صوبے میں حکومت بھی پختونوں کی ہے اور وزیراعظم بھی پختون ہے جو آپ کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری لے چکے ہیں اور حل کرکے دکھائیں گے۔ وہ وانا میں جلسہ عام سے خطاب اور قبائلی عمائدین سے گفتگوکر رہے تھے ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی جلسے سے خطاب کیا جبکہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، ایم این اے علی امین گنڈا پور ، صوبائی حکومت کے ترجمان اور ضم شدہ اضلاع کے لئے وزیرعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر اور دیگر رہنماؤں اور قبائلی عمائدین نے جلسے میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بعض لوگ پختونوں کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور قبائلی عوام کو اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے قبائلی عوام سے کہا کہ یہ لوگ اپنی اس چال میں قطعاً کامیاب نہیں ہو ں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو پختونوں سے نام نہاد ہمدردی دکھانے کی ضرورت نہیں موجودہ مرکزی و صوبائی حکومتیں قبائلی اضلاع کو ترقی و خوشحالی کے قومی دہارے میں لانے اور ان کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی ذمہ داری قبول کر چکی ہیں، اس سلسلے میں خطیر وسائل مختص کئے گئے ہیں اور قابل عمل ترقیاتی پلان وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں تک پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں کا معاملہ ہے تو انہیں سمجھ لینا چاہیئے کہ اس وقت صوبے میں موجود حکومت بھی پختون ہے،پاکستان کا وزیراعظم عمران خان بھی پختون ہے ،اُن سے زیادہ پختونوں کے درد کو سمجھنے والا کوئی نہیں ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے اور عمران خان واحد سیاسی لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق کی بات کی ہے، ان کی ضروریات ، تحفظات اور مسائل کو محسوس کیا ہے ،ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کو تیز رفتار ریلیف دینا اور اُن کے مسائل کو حل کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں پہلے نمبر پر ہے ۔ ترقی اور خوشحالی کی مجموعی سرگرمیوں میں نئے اضلاع کو فوقیت دی جارہی ہے ۔ محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام مطمئن رہیں ، انضما م کی دشمن تمام قوتیں اور منفی پروپیگنڈے کی تمام تر کوششیں دم توڑ جائیں گی اور موجودہ حکومت کے اخلاص اور عزم کی بدولت انضما م کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ نئے اضلاع کی محرومیاں ختم ہو ں گی اورترقی اور خوشحالی کا دو ر آئے گا ، نوجوانوں کو روزگار ملے گا ، تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ نئے اضلاع کو صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لا کھڑا کرنا صوبائی حکومت کا حتمی ہدف ہے۔ہم دیر پا حکمت عملی کے ذریعے اس ہدف کے حصول کیلئے گامزن ہیں۔