News Details

07/04/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل سابقہ قبائلی ضلع خیبر کا دورہ کریں گے جہاں وہ 7.7 کلو میٹر جمرود بائی پاس روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل سابقہ قبائلی ضلع خیبر کا دورہ کریں گے جہاں وہ 7.7 کلو میٹر جمرود بائی پاس روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے بننے والی اس سڑک پر 966 ملین روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ دورہ خیبر میں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام داخلہ مہم برائے اپریل 2019 کا بھی باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اس مہم کا مقصد ضم شدہ قبائلی اضلاع میں زیادہ سے سے زیادہ بچوں کی سکولوں میں داخلے کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش اور مشیر قبائلی علاقہ جات اجمل خان وزیر انکے ہمراہ ہونگے۔ داخلہ مہم کے افتتاح کے بعد باقاعدہ طورپر ہر ضلع خیبر میں سرکاری سکولوں میں بچوں کا داخلہ شروع ہو جائیگا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبے کا وزیر اعلیٰ داخلہ مہم کا افتتاح کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں وزیر اعلی محمود خان دیگر ضم شدہ قبائلی اضلاع کا بھی دورہ کریں گے جہاں پر وہ مفاد عامہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ وقت آچکا کے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کو ختم کرکے ترقی کے ایک نئے سفر کے آغاز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لا کر آنے والے دس سالوں میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی کا عمل شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ قبائلی اضلاع میں تمام تر ترقیاتی منصوبے عوام کی مشاورت سے شروع کیے جائیں گے جس کے لیے پہلے سے ہی عوام کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ قبائلی عوام کی ترجیحات موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور کوئی بھی ترقی کا عمل عوامی مشاورت اور اشتراک کے بغیر ممکن نہیں۔ دیرپا ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ قبائلی اضلاع میں بچوں کے لئے سکول داخلہ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے اور جہاں حکومت مستقبل کے معماروں کے لیے فکر مند ہے اور اپنے تمام تر وسائل ان کی ترقی پر خرچ کرنے کے لیے تیار ہے، وہاں والدین، علماء، معاشرے کے سمجھدار لوگ اور بڑوں کی بھی کچھ زمہ داریاں بنتی ہیں۔ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں موجود تمام بچے تعلیم حاصل کریں اور ان کو اس قابل بنائیں کہ وہ اپنا مستقبل سنوارنے کے ساتھ ساتھ معاشرے اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں کیونکہ اس معاشرے اور ملک کو آج کے بچوں نے آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا مستقبل آج کے بچوں کے ہاتھوں میں ہے اور اسی لیے ضروری ہے کہ ہم ان کو تعلیم کی روشنی سے منور کریں تاکہ ہمارے بچے دنیا کے دیگر قوموں سے پیچھے نہ رہ جائیں۔