News Details

23/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جلد از جلد ذمہ داریوں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، جسکی بنیاد پر غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی امیروں کے لئے نہیں بلکہ خالصتاً غریب عوام کی سہولت اور فلاح کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات معلوم کی جائیں گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ یہاں سے جاری خصوصی ہدایات میں وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی کی عدم تکمیل کا نوٹس لیا اورصوبائی انسپکشن ٹیم کوتاخیر کی تیز رفتار تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی کا منصوبہ غریب عوام کے لئے شروع کیا گیا تھا تاکہ پشاور میں عوام کو درپیش ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا دیر پا حل ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے عام آدمی کو تکالیف کا سامنا ہے، جس پروہ مزید خاموش نہیں رہیں گے۔ آئے روز نئی تاریخیں لینے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئیے اور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نہ صرف منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی جائے بلکہ اس کا معیار بھی یقینی ہونا چاہیئے۔ صوبائی حکومت غریب کی فلاح کے حامل منصوبے کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ذمہ داران پر واضح کیا کہ وہ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے اب حکومت کی طرف سے کسی قسم کی نرمی اور وقت میں توسیع کی توقع نہ رکھیں۔ ذمہ داران اپنی کمٹمنٹ کے مطابق ایمانداری سے کام کریں اور بی آر ٹی کو مکمل کرکے اپنے ذمہ دار ہونے کا ثبوت دیں۔