News Details

07/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نمک منڈی پشاور میں پارکنگ پلازہ (سٹی ڈسٹرکٹ پارکنگ سکائی لائن) کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نمک منڈی پشاور میں پارکنگ پلازہ (سٹی ڈسٹرکٹ پارکنگ سکائی لائن) کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کیا ہے اور کہا ہے کہ اس منصوبے کی وجہ سے سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور پشاور کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں تاہم اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اپنا دفاع کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران دانشمندی کا مظاہرہ کر نے پر وزیراعظم داد کے مستحق ہیں۔ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں صوبے کے واجبات میں سے 20 ارب روپے رواں ہفتے مل جائیں گے ۔ بی آر ٹی پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کا منصوبہ ہے جسے ہم اون کرتے ہیں ۔23 تاریخ کو منصوبے کی سافٹ اوپننگ ہو گی ، یہ عوامی فلاح کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمک منڈی میں پارکنگ پلازہ (سٹی ڈسٹرکٹ پارکنگ سکائی لائن) کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ممبر قومی اسمبلی حاجی شوکت علی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش، ڈسٹرکٹ ناظم پشاورارباب عاصم ، اراکین صوبائی اسمبلی محمد آصف خان، ملک واجد خان، ڈسٹرکٹ نائب ناظم ، ٹاؤن ناظمین، ڈسٹرکٹ ممبران، کونسلرز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے نمکمنڈی پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کیا جو مجموعی طور پر سات فلورز پر مشتمل ہو گا۔ پارکنگ پلازہ کی بیس منٹ ، سیمی بیسمنٹ، گراؤنڈ فلوراور فرسٹ فلور کمرشل یونٹس پر مشتمل ہوں گے جبکہ باقی فلورز گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختص ہوں گے ۔ ایک ہی وقت میں 198 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش موجود ہو گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ پارکنگ پلازہ صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد منصوبہ ہے۔ٹریفک مسائل کے حل اور پارکنگ کے حوالے سے یہ ایک جامع قدم اور ابتداء ہے ۔ اس منصوبے سے علاقے میں خوراک اور ریسٹورنٹس کی صنعت میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور سیاحت کو بھی تقویت ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نمک منڈی میں سڑکوں اور ٹریفک کے حوالے سے جتنے بھی مسائل ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پشاور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی کارکردگی صوبے کے تمام ضلعی حکومتوں کی کارکردگی سے بہتر اور قابل ستائش ہے انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاورکو اس طرح کے ترقیاتی کاموں اور پشاور شہر کی خوبصورتی میں مکمل سپورٹ فراہم کریگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور شہر ہم سب کا شہر ہے صوبہ کے دیگر علاقوں سے زیادہ تر لوگ پشاور میں رہائش پذیر ہیں۔ اس مشترکہ شہر کی ترقی اور خوبصورتی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے تعلیم پشاور سے حاصل کی اور نمک منڈی کے حوالے سے ان کے بہت تجربات ہیں ۔ یہ ایک تاریخی جگہ ہے۔ہم نے اس کو ایسی طرز پر ترقی دینا ہے تاکہ پاکستان بھر اور باہرسے لوگ اور سیاح یہاں بھی آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رہائشی اعتبار سے پشاور کو اسلام آباد پر ترجیح دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب سے ہم نے اقتدار سنبھالا ہے ، ہم عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ اور ہم عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کیلئے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔وہ عوامی وزیراعلیٰ ہیں اور عوام کے ساتھ مل جل کر خوش ہوتے ہیں۔پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُنہیں خیبرپختونخوا کے عوام پر فخر ہے جنہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعظم عمران خان ، افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو اپنا دفاع اور جواب دینا بھی جانتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اس مسئلے کو بہت ہی دانش مندی سے حل کیا جس کیلئے وہ داد کے مستحق ہیں۔ میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ اس ہفتے نٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں وفاق کے ذمے بقایا جات میں سے 20 ارب روپے ملنے کا قوی امکان ہے۔ہم نے وفاق سے کہا ہے کہ وہ صوبے کے واجبات ہر مہینے ادا کرے جس سے صوبے کی معاشی حالت مزید بہتر اور مستحکم ہوجائے گی ۔بی آر ٹی کی تکمیل کے حوالے سے ایک سوال پروزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی ہماری پچھلی حکومت کا منصوبہ ہے جس کو ہم نے اپنایا ہے۔ یہ منصوبہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کیا تھااور بہت جلد اس کو مکمل کیا جائے گا ۔ لوگوں کے تحفظات بہت جلد دور ہو جائینگے۔محکمہ ٹرانسپورٹ اور پی ڈی اے اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت خود بھی اس منصوبے کڑی نگرانی کر رہی ہے اور اس کو مقررہ مدت تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ 23 مارچ کو اس منصوبے کی سافٹ اوپننگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے مزید کوئی تاخیر یا تاخیری حربے برداشت نہیں کریگی۔23 مارچ کو وہ آئیں گے اگر ٹائم لائن اور اہداف کے مطابق نتائج نہ دیئے گئے تو پھر نظر آنے والاایکشن لیں گے جو سب کو نظر آئے گا ۔ اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کی اوور بلنگ پر عوامی شکایات کے حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ شکایات دور کریں اور اضافی بلوں سے اجتناب کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں۔ انہوں نے ایبٹ آباد میں قتل ہونے والے افضل کوہستانی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ آئی جی خیبرپختونخوا کو ہدایت کر چکے ہیں کہ واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے واقعے میں ملوث یا غفلت کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو نمک منڈی کے تاجران اور معززین کی جانب سے پگڑی ، چادر اور دیگر تحائف پیش کئے گئے۔ تقریب سے ایم این اے شوکت علی ، ڈسٹرکٹ ناظم ارباب عاصم اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔