News Details

12/02/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انتظامی کنٹرول محکمہ لوکل گورنمنٹ سے لیکر محکمہ سیاحت کوسپر د کرنے کی تجویز سے اُصولی اتفاق کیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انتظامی کنٹرول محکمہ لوکل گورنمنٹ سے لیکر محکمہ سیاحت کوسپر د کرنے کی تجویز سے اُصولی اتفاق کیا ہے ۔اس مقصد کیلئے رولز آف بزنس میں ترامیم کی جاے گی اور متعلقہ محکمے مل کر اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سینئر وزیر محمد عاطف خان، وزیر بلدیات شاہرام خان ترکئی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ محمد اسرار خان ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری سپورٹس اور سیکرٹری لاء و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مختلف اُمور ، ذمہ داریوں اور اس کی کارکردگی پر سیر حاصل بحث کی گئی ۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اُمور اور ذمہ داریوں کی از سر نو تقسیم کا ر اور اس سے جڑے دیگر اُمور پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں خانپور ڈیم سے ملحقہ جگہوں کو سیاحت کیلئے قابل تفریح اور اسی جگہوں کو دیگر اعلیٰ سیاحتی مقامات کی طرز پر ترقی دینے اور ان جگہوں کو مقامی سطح کے سیاحوں کیلئے ایک سیاحتی و تفریحی مقامات کی طرز پر ترقی دینے سے بھی اتفاق ہواجس سے صوبے کیلئے محاصل میں بڑھوتری اور معاشی ترقی میں بہت اہمیت حاصل ہو گی ۔ ان علاقوں کی ترقی سے وہاں کے مقامی لوگ بھی استفادہ حاصل کریں گے اور اُن کو روزگار بھی میسر ہو گا۔ اجلاس میں ویمن پارک مردان پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور اس کو جدید طرز پر بنانے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ مردان پہلے سے الاٹ شدہ چالیس کنال زمین کو دوبارہ مختص کرے تاکہ وہاں پر مختلف سرکاری دفاتر کو شفٹ کیا جاسکے اور مردان میں سروس ڈیلیوری اور دوسرے سرکاری اُمور میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔ اجلاس میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حد بندی کے تعین اور بعض سوشل سروسز اور سہولیات کو بہتر بنانے پر اتفاق ہوا۔خصوصی فرائض منصبی محکمہ سیاحت کے پاس رہے گا تاکہ محکمہ سیاحت مختلف سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر سکے اور اس کیلئے قوانین میں ضروری ترامیم لا سکیں ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل خدمات مقامی میونسپل حکام کے پاس ہی رہیں گی ۔ محکمہ سیاحت کے قوانین میں مجوزہ ترامیم نئے کام اور ذمہ داریوں کا تعین بھی کرے گی ۔اجلاس کو سوئٹزلینڈ کے تعاون سے تین فائیو سٹار ہوٹل کیلئے سرمایہ کاری کے حوالے سے اور اس پر ضروری کام کے شروعات کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انتظامی کنٹرول محکمہ سیاحت و ثقافت کو تفویض کرنے کیلئے آپس میں مل بیٹھ کر قانونی پیچیدگیاں ختم کریں اور اس کے لئے ہوم ورک جلد ازجلد مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس تمام عمل سے اتفاق کیا بہر حال انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں قانون کے مطابق اس امرکو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔