News Details

25/01/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مردان کی پسماندہ یونین کونسلز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مردان کی پسماندہ یونین کونسلز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے مردان کے ڈسٹرکٹ بجٹ کی ریلیز پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں میگا پروجیکٹس کی تکمیل جلد ممکن بنائی جائیگی اور یونین کونسلوں کی تمام محرومیاں دور کی جائینگی۔ صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی خصوصاً پسماندہ علاقوں کے مسائل کا ازالہ ہماری خواہش اور ترجیح ہے ۔انہوں نے سوات موٹر وے پر کاٹلنگ انٹر چینج کا نام بابوزئی انٹر چینج میں تبدیل کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت محمد عاطف خان کی سربراہی میں مردان کے پانچ رکنی ڈسٹرکٹ ناظمین کے وفد کیساتھ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر سیاحت و ثقافت محمد عاطف خان ، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین مردان افتخار مشوانی ، ایم پی اے ظاہر شاہ طورو، ڈسٹرکٹ ناظم مردان، ڈسٹرکٹ اور نائب ناظمین نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ناظمین نے اجلاس کو اپنی اپنی یونین کونسلز کے حوالے سے مختلف نوعیت کے مسائل سے آگاہ کیا ۔وفد نے ان یونین کونسلز میں سڑکوں ، پلوں ،دیگر ترقیاتی کاموں، ڈسٹرکٹ کونسل بجٹ کی فراہمی ، میگا پروجیکٹس کی جلد تکمیل ، فلڈپروٹیکشن ورک ، سوئی گیس کے مسائل، بی ایچ اوز کی اپگریڈیشن، کھیلو ں کیلئے گراؤنڈز ، جناز گاہ اور دیگر حل طلب مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحت، تعلیم اور لوکل گورنمنٹ میں سپورٹنگ سٹاف اور دیگر ضروریات کی کمی جلد پوری کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی کام کرنے کی خواہش رکھتی ہے، کسی بھی علاقے کو محروم نہیں رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بلا تفریق تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کریگی۔مردان میں میگا پروجیکٹس کیلئے پہلے سے ہدایات دی گئی ہیں، ان پروجیکٹس پر کام مزید تیز کیا جائیگا۔ سڑکوں اور پلوں کی مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ نے سوات موٹر وے پر ساولڈھیر کے مقام پر انٹرچینج بنانے کی تجویزپر متعلقہ حکام کو ہوم ورک کرنے کی ہدایت کی اورعندیہ دیا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ نے جلیل آباد یونین کونسل میں فلڈ پروٹیکشن منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے گراؤنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائینگی۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مردان کی مختلف یونین کونسلز کیلئے سکیموں کا اجراء ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آپ لوگوں کے تمام مسائل نوٹ کئے گئے ہیں اور ان کے حل کیلئے حکومت تمام ممکن اقدامات اُٹھائیگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت ترقیاتی کاموں میں اُن علاقوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہے جوسابقہ حکومتوں میں ترقیاتی کاموں میں محرومیوں کا شکار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم جیسے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کا مشن ہے۔