News Details

09/01/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد میں خصوصی بچوں کو معیار ی تعلیم و تربیت سمیت خوراک اور دیگر سہولیات بہترین طریقے سے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد میں خصوصی بچوں کو معیار ی تعلیم و تربیت سمیت خوراک اور دیگر سہولیات بہترین طریقے سے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے صوبے میں خصوصی بچوں سے متعلق سہولیات اور ضروریات کیلئے ایک جامع سنٹر کے قیام کی منظوری دی جس میں ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم ہوں گی ۔خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے کتابوں کی چھپائی ، دیگر سازو سامان اور انتظامات کا سسٹم صوبے میں ہی موجود ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی بچوں کی فلاح حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے خصوصی بچوں کیلئے قائم سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ،ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم اور دیگرنے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو خصوصی بچوں کی بحالی ، اُنہیں تعلیم و تربیت کی فراہمی کے جدید طریقوں کے حوالے سے بریفینگ بھی دی گئی ۔ وزیراعلیٰ اس موقع پر خصوصی بچوں سے بھی ملے اور اُن کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔ وزیراعلیٰ کو خصوصی بچوں کی تیار کر دہ مصنوعات بھی دکھائی گئیں جن کو اُنہوں نے سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ معاشرے کے خصوصی افراد خصوصاً بچے ہماری بھر پور توجہ کے مستحق ہیں۔ خصوصی بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت اور اُن کی بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور یہ ترجیح ہونی بھی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کمپلیکس میں بچوں کو خوراک ، لباس اور دیگر ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے اور جدید طریقہ کار کے مطابق تربیت کا انتظام کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بصارت سے محروم اساتذہ کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ کتابوں کی چھپائی اور دیگر سامان کا صوبے میں انتظام ہونا چاہیئے تاکہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے اہم فریضے میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو خصوصی بچوں کی تیار کر دہ تحفہ پیش کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے بصارت سے محروم بچوں کو خصوصی انعامات بھی دیئے۔