News Details

30/12/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حلقہ پی کے ۔30 مانسہرہ کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے لئے احمد حسین شاہ کو پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ دیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حلقہ پی کے ۔30 مانسہرہ کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے لئے احمد حسین شاہ کو پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ دیا اور ضلع کے عوام کی فلاح کیلئے اُن کی اسمبلی میں نمائندگی کو ناگزیر قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی کوشش ہے کہ صوبے کے ہر ضلع کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی جائے ۔ آج احمد حسین شاہ کی قیادت میں ضلع مانسہرہ سے پی ٹی آئی کے کثیر رکنی وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ ایم این اے حاجی صالح محمد خان، اراکین صوبائی اسمبلی بابر سلیم، نذیر عباسی،سابق ایم پی اے زرگل خان ،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی ہزارہ ارشد داد ، پی ٹی آئی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان وفد میں شامل تھے ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد کے اراکین نے پارٹی اُمور اور ضلع کے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیااور حلقہ پی کے ۔30 پر ضمنی انتخاب میں احمد حسین شاہ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مذکورہ نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کی طرف سے احمد حسین شاہ کو بطور اُمیدوار کھڑا کرنے کا باضابطہ اعلان کیا اور پارٹی کا ٹکٹ اُن کے حوالے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ تمام اضلاع میں عوام کے مسائل پر مساوی توجہ مرکوز کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ اُن کی کوشش ہے کہ ہر ضلع کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی جائے ۔ مانسہرہ کے عوام کیلئے احمد حسین شاہ کی اسمبلی میں نمائندگی بھی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے موجودہ حکومت کی پالیسی پر بھی روشنی ڈالی اور کہاکہ چیلنجز کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہورہی ہے ۔ہم اپنے اہداف میں یقینی طور پر کامیاب ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کا فروغ پی ٹی آئی کا منشور ہے اور اسی کے وجہ سے ہمیں ووٹ ملا ہے ۔ ہم سرکاری اداروں اور محکموں میں کرپشن اور رشوت خوری برداشت نہیں کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی سرکاری اہلکار کسی سے رشوت طلب کر تا ہے تو اُس کے خلاف تحریری طور پر درخواست دیں ۔ہم اس کو نشان عبرت بنادیں گے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر حویلیاں میں کم سن بچی سے زیادتی و قتل کے مجرمان کو جلد پکڑنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ اس درندگی کے مرتکب عناصر کو قرار واقعی سزادی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی اس درندگی کی جرات نہ کر سکے ۔