News Details

17/12/2018

وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے چمکنی میں نئے بس ٹرمینل سمیت ائیر پورٹ، رنگ روڈ اور نمک منڈی فلائی اوورز کی فیزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے چمکنی میں نئے بس ٹرمینل سمیت ائیر پورٹ، رنگ روڈ اور نمک منڈی فلائی اوورز کی فیزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے تمام اڈے پشاور سے باہر منتقل کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ ٹرک ٹرمینل علیحدہ سے قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ بے ہنگم اڈوں کی وجہ سے رش زیادہ ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اڈوں کی ایک جگہ منتقلی سے نہ صرف صفائی ستھرائی کے نظام کو تقویت ملے گی بلکہ عوام کو سہولت ہوگی اور شہر میں رش میں بھی کمی آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی ، کمشنر پشاور شہاب علی شاہ ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ڈی جی پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے شہر سے اڈوں کی مجوزہ جگہ چمکنی منتقلی کے لئے انتظامات تیز کرنے کی ہدایت کی جبکہ موجودہ بس ٹرمینل پر بھی کمرشل ٹاور متعلقہ محکموں پی ڈی اے ، لوکل گورنمنٹ اور ٹرانسپورٹ کو مل کر اپنے وسائل سے بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پورے عمل کو قانونی شکل دی جائے گی کیونکہ ہم نے بس اڈہ ، ٹرک اڈہ اور لاہور اڈہ تینوں کو منتقل کرنا ہے اسلئے قانونی پیچیدگیوں سے بالا تر طریقہ کار اختیار کیا جائے اسی طرح حاجی کیمپ میں بھی بارہ کے قریب اڈے ہیں کم وبیش 80 ہزار مسافر ان مختلف اڈوں کو استعمال کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صرف اڈوں کو منتقل ہی نہیں کرنا بلکہ نئے بس ٹرمینل میں مسافروں کو جدید سہولیات دینی ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنا ہے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے بس ٹرمینل کو اس طریقے سے پلان کرے جو بس ریپڈ ٹرانزٹ کو بھی سپورٹ کرے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اڈوں کی منتقلی کے بعد ورکشاپس وغیرہ بھی منتقل کریں گے، اس پلان کو بہتر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر محکمہ اپنا کیس بہترین طریقے سے تیار کریں۔ وزیراعلیٰ نے تنبیہ کی کہ کام نہ کرنے کا بہانہ تلاش نہ کیا جائے، موجودہ حکومت کسی کو بھی بہانہ سازی کی اجازت نہیں دے سکتی ہم نے سرکاری وسائل کو بہتر اور شفاف طریقے سے عوامی فلاح میں خرچ کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹرک اڈوں کو بھی شہر سے باہر مناسب جگہ پر منتقل کرنا ہے حکومت کے اس مجموعی پلان سے ماحول میں بہتری آئیگی ، شہر میں آلودگی کم ہوگی ، خوبصورتی اور گرین ری میں اضافہ ہوگا تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے پوری کریں تمام سٹیک ہولڈر ز کے درمیان باضابطہ معاہدہ ہوگا جس کے مطابق منصوبے کے نتیجے میں حاصل ہونے والے نفع کی تقسیم ہوگی ۔