News Details

04/08/2018

صوبائی جوڈیشل اکیڈمی کے قیام کیلئے 2013میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں مختص کی گئی 150کنال زمین الاٹ کی جائے

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سابق جسٹس دوست محمد خان نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں صوبائی جوڈیشل اکیڈمی کے قیام کیلئے 2013میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں مختص کی گئی 150کنال زمین الاٹ کی جائے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سات نئے اضلاع کے عدالتی انفراسٹرکچر کیلئے مذکورہ اکیڈمی کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ نئے اضلاع میں ہم نے انصاف کا نظام ترجیحی بنیادوں پر متعارف نہیں کروایا تو وہاں ایک خلاء پیدا ہو جائے گا جس سے ملک دشمن عناصر ایک دفعہ پھر فائدہ اٹھا کر علاقے کو غیر یقینی صورت حال سے دوچار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام عدالتی نظام کو با لعموم اور نئے شامل ہونے والے اضلاع کیلئے بالخصوص نئے اور جدید خطوط پر لانے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی کا قیام وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پی ڈی اے کے بورڈ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نگران وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جمال الدین، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، ڈائریکٹر پی ڈی اے، نمائندہ پشاور ہائی کورٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سابق جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ ہمیں نئے شامل ہونے والے اضلاع کیلئے تقریباً70نئے ججز، 45کے قریب مجسٹریٹ، سینکڑوں پری لیگل سٹاف اور پبلک پراسیکوشن کی تقرریوں اور ٹریننگ کیلئے موجودہ اکیڈمی نا کافی ہے۔ انہوں نے مزید اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقیافتہ ممالک کے طرز پر ہمیں کم از کم آئندہ 25سالوں کیلئے پلاننگ کرنا چاہئے لہٰذا اس ساری صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں مذکورہ اکیڈمی کے قیام کیلئے 200کنال اراضی پر مشتمل رقبے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بورڈ آف پی ڈی اے پر زور دیا کہ مذکورہ منصوبے کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو ختم کرکے اس کیلئے مختص زمین جلد از جلد الاٹ کی جائے۔ اجلاس میں سابق پولیس افسر عابد علی شہید کی بیوہ کو ان کی درخواست کے مطابق ریگی ماڈل ٹاؤن کی بجائے حیات آباد میں پلاٹ الاٹ کرنے پر بھی تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ ڈائریکٹر پی ڈی اے نے نگران وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ فی الحال حیات آباد میں انکے پاس سرکاری الاٹمنٹ کیلئے کوئی پلاٹ موجود نہیں ہے جس پر نگران وزیرخزانہ نے تجویز پیش کی کہ اگر عابد علی شہید کی بیوہ کو ریگی ماڈل ٹاؤن میں پلاٹ پسند نہیں ہے تو محکمہ ہاؤسنگ کے تحت زیر تعمیر رہائشی منصوبے جلوزئی، ورسک روڈ یا ہائی رائزنگ حیات آباد میں ایک پلاٹ یا اپارٹمنٹ دیا جائے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رہائشی منصوبے میں پلاٹ کی الاٹمنٹ شفاف طریقے اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے پلاٹ کی الاٹمنٹ اور ٹرانسفر قانون کے مطابق کی جائے تاکہ محکمہ غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں سے بھی بچ سکے اور انصاف کے تقاضے بھی پورے ہوں۔